ایران نے سعودی عرب اور عمان سے علاقائی سلامتی پر مشاورت تیز کر دی

خطے میں جاری کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی صورت حال کے تناظر میں ایران نے اپنی سفارتی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔ اسی سلسلے میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سعودی عرب اور عمان کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ٹیلیفونک رابطے کیے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں کے ساتھ ہونےوالی گفتگو میں آبنائے ہرمز کی موجودہ صورت حال،خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن و استحکام کےلیے جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق تینوں ممالک نے خطے میں استحکام کےلیے سفارتی تعاون مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا، جب کہ ایران، سعودی عرب اور عمان نے مشترکہ سفارتی رابطوں کو زیادہ مؤثر بنانے پر اتفاق بھی کیا۔
ایران سے مذاکرات جاری، ناکامی کی صورت میں سخت کارروائی ہوگی: ٹرمپ
یہ رابطے ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب سعودی عرب اور ایران کے اتحادی حوثی گروپ کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر بڑھتی دکھائی دےرہی ہے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں ایران اور عمان کے درمیان دو روزہ مذاکرات ہوئےتھے جن میں امریکی فوجی حملوں کے خاتمے کےبعد کی صورت حال پر بات ہوئی تھی،فریقین کی جانب سے ان مذاکرات کو نتیجہ خیز قراردیا تھا،تاہم ایران کے نائب وزیرخارجہ کاظم غریب آبادی نے گزشتہ روز کہا تھاکہ ایران نے مذاکرات کے دوران عمان کی ایک تجویز مسترد کردی ہے۔
