وزیر اعظم نے آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں ترامیم کی منظوری دے دی

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری دیتے ہوئے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے سٹریٹیجک ذخائر بڑھانے کی ہدایت جاری کر دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئل ریفائنریز کی اپ گریڈیشن وقت کی اہم ضرورت ہے اور یہ پاکستان کے توانائی تحفظ (انرجی سکیورٹی) کے جامع نظام کا ایک اہم ستون ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ریفائنریز نہ صرف ملک کی توانائی ضروریات بہتر انداز میں پوری کریں گی بلکہ درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے اور ماحول دوست ایندھن کی فراہمی میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ موجودہ ریفائنریز کی پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے ان کی اپ گریڈیشن ناگزیر ہے، جبکہ یورو-4 اور یورو-5 معیار کے ایندھن کی پیداوار پاکستان کے بین الاقوامی ماحولیاتی وعدوں کی تکمیل، فضائی آلودگی میں کمی اور عوام کو بہتر معیار کا ایندھن فراہم کرنے کے لیے ضروری ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اوگرا کی کارکردگی مزید مؤثر بنانے اور مارکیٹ کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اصلاحات متعارف کرائی جائیں، تاکہ توانائی کے شعبے میں مسابقت، شفافیت اور سرمایہ کاری کو فروغ مل سکے۔
شہباز شریف نے زور دیا کہ نئی پالیسی کی منظوری کے بعد اس پر بروقت اور مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ اس ضمن میں کسی بھی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی کہ تمام سٹیک ہولڈرز سے قریبی رابطہ رکھتے ہوئے اصلاحاتی عمل کو تیز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت توانائی کے شعبے میں پائیدار اصلاحات، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے عزم پر قائم ہے۔
وزیراعظم نے براؤن فیلڈ ریفائنریز سے متعلق ترمیم شدہ پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 کے فروغ کے لیے قطر، سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں روڈ شوز منعقد کرنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے براؤن فیلڈ ریفائنریز سے متعلق پالیسی ترامیم کی تیاری پر وزیر پٹرولیم اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا، جبکہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے اسٹریٹیجک ذخائر بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
محسن نقوی کی قطری ہم منصب سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق
اجلاس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، احسن اقبال، متعلقہ وفاقی سیکرٹریز اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
