سلمان اکرم راجا نے علیمہ خان کا بیان ذاتی موقف قرار دے دیا

سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے علیمہ خان کے حالیہ بیان کو ذاتی مؤقف قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا بیان کسی سیاسی جماعت کا بیان نہیں بلکہ ایک بہن کا بیان ہے جو اپنے بھائی کے حوالے سے فکرمند ہے۔
سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجا نے کہاکہ پی ٹی آئی کسی اصولی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی، عمران خان بہت وضاحت کے ساتھ کہہ چکے یں آئین اور قانون کی خاطر ہر کام کرنےکو تیار ہیں،ان کی ذات اہم نہیں ہے بلکہ وہ پاکستان کو فلاح کی جانب لے جانا چاہتےہیں لہذا ان سے براہ راست بات ہو،آئین اور قانون کےحوالے سے ہو اور عوام کے حقوق کے حوالے سے ہوتو بالکل بات ہو سکتی ہے۔
سلمان اکرم راجا کاکہنا تھاکہ دھمکیاں تو اپنی جگہ موجود ہیں لیکن یہ دھمکیاں لفظوں میں تو نہیں دی جاتی کہ کوئی فون کر کے کہےکہ ہم یہ کرنے والے ہیں یا ہمارا یہ ارادہ ہے،بہنوں کو فکر ہےکہ بھائی سے رابطہ توڑدیا جاتا ہے اور مہینوں ملاقات کرنے نہیں دی جاتی۔
ان کاکہنا تھاکہ لاہور ہائی کورٹ میں جو ہوا وہ بھی خوش آئند نہیں ہےکہ پولی گرافک ٹیسٹ تک ضمانت کا فیصلہ نہیں ہوگا،یعنی اس کا مطلب یہ ہوا کہ استغاثہ یا حکومت کےپاس 2 سال سے کوئی گواہی یا ثبوت نہیں ہے اور اب انہیں مشینوں کی ضرورت پڑرہی ہےکہ ان کے ذریعے ثبوت اخذ کریں،کون ان مشینوں کے ذریعے لیےگئے شواہد پر اعتبار کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ لوگ خود حالات اس مقام پر لا رہے ہیں کہ فیصلے سڑکوں پر ہوں لیکن ہم چاہتےہیں کہ فیصلے میز پر ہوں، آئین وقانون کےمطابق ہوں لیکن یہ نظام اپنی رعونت اور اپنے گھمنڈ میں اتنا ڈوب چکا ہےکہ اس کو نظر نہیں آ رہا اس کی بنیاد جھوٹ اور فریب پر ہے۔
گنڈاپور کا اہم پیغام: عمران خان کا دوبارہ مذاکرات سے انکار
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا تھاکہ آپ بتائیں کہ عمران خان کیا چیز چھوڑےتو آپ اسے رہا کریں گے، گیو اینڈ ٹیک (کچھ لو اور کچھ دو) کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں بتادیں کہ عمران کیا دے اور آپ کو کیا چاہیے لیکن آپ کے سامنے آکر بات کریں ہم پیٹھ کے پیچھےبات نہیں کریں گے۔