خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسزکےآپریشنز،فوجی جوان شہید،8خوارج ہلاک

خیبرپختونخواکےاضلاع شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں فوجی جوان شہید،8خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے شمالی وزیرستان کے ضلع میر علی کے علاقے میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں خوارج کو دھر لیا، اور3 خوارج کو ہلاک کردیا۔
جنوبی وزیرستان کے ضلع میں کیے گئے ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں، سیکیورٹی فورسز نے 2 خوارج کو ہلاک کردیا۔ تاہم اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں وطن عزیز کے بہادر فرزند، نائیک مجاہد خان (عمر: 40 سال، رہائشی ضلع کوہاٹ) بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت سے ہمکنار ہوئے۔
خیبر اور بنوں کے اضلاع میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان 2 مزید جھڑپیں ہوئیں، جس کے نتیجے میں 3 خوارج مارے گئے۔مارے گئے خوارج کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔ یہ خوارج علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم تھے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے دیگر خوارج کو ختم کرنے کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔