دریائے چناب میں شدید طغیانی، مظفرگڑھ کے سینکڑوں دیہات زیرِ آب

دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث مظفرگڑھ کے درجنوں علاقوں میں پانی داخل ہو گیا ہے جس سے سیکڑوں دیہات ڈوب گئے جبکہ بڑی تعداد میں مقامی افراد محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہو رہے ہیں۔

پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار سے زائد شہریوں کو ریسکیو کر کے محفوظ مقامات تک پہنچایا گیا۔ امدادی سرگرمیاں رنگپور، دوآبہ، سنکی، خان گڑھ، وہیلاں والی، بنڈہ اسحاق اور عظمت پور سمیت مختلف علاقوں میں جاری ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ضلع بھر میں 32 ریسکیو کشتیاں اور پولیس کی 8 کشتیاں امدادی کاموں میں مصروف ہیں، جب کہ آرمی، وائلڈ لائف اور نجی کشتیاں بھی لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں حصہ لے رہی ہیں۔

اوکاڑہ کی ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ دریائے راوی اور ستلج میں بھی اونچے درجے کی طغیانی برقرار ہے، جس کے باعث 32 دیہات کے سرکاری و نجی اسکولوں کی چھٹیاں 8 سے 14 ستمبر تک بڑھا دی گئی ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے دریاؤں میں مسلسل طغیانی کی کیفیت ہے۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے اور سلیمانکی کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ رولز پر اعتراض ہو تو ججز تحریری رائے پیش کریں ، چیف جسٹس

ترجمان کے مطابق دریائے چناب میں خانکی ہیڈ ورکس پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ دریائے راوی میں شاہدرہ اور ہیڈ سدھنائی پر اونچے درجے کی طغیانی موجود ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 9 ستمبر تک پنجاب کے دریاؤں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ برقرار رہے گا اور بالائی علاقوں میں بارشوں کے سبب پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کا امکان ہے۔

Back to top button