شہبازشریف نےپھرٹرمپ کونوبیل انعام دینےکی اپیل کردی

وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کوامن کا حقیقی سفیر قرار دیتے ہوئے ایک بار پھر نوبیل انعام دینے کی درخواست کردی۔

مصر کے شہر شرم الشیخ میں غزہ امن معاہدے پر دستخط کی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ انتھک کوششوں کے بعد امن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ صدر ٹرمپ کی بدولت ہی جنوبی ایشیا میں امن ممکن ہوا، ان کی وجہ سے خطے میں لاکھوں زندگیاں بچ گئیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان نے صدر ٹرمپ کو نوبیل انعام کے لیے نامزد کیا تھا، کیوں کہ یہ امن کے حقیقی سفیر ہیں، جنہوں نے دنیا میں امن کے لیے دن رات کام کیا۔

واضح رہے کہ مصر میں وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی  ملاقات ہوئی ہے جس میں ٹرمپ نے وزیر اعظم کے ساتھ گرمجوشی سے مصافحہ کیا اور دونوں رہنماؤں میں خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔

مصر کے شہر شرم الشیخ میں غزہ امن سربراہ اجلاس میں  28 ممالک اور بین الاقوامی ادارے شرکت کر رہے ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی شرم الشیخ میں منعقدہ امن سربراہ اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ہوئی ۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں میں خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔

ٹرمپ نے شرم الشیخ میں دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کیں۔

اس سے پہلے شرم الشیخ کے کانگریس سینٹر پہنچنے پر مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے وزیر اعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے غزہ امن کانفرنس سے پہلے فلسطینی صدر محمود عباس، آذربائیجان کے صدر الہام علیوف ، آرمینیا کے وزیراعظم نکول پاشنیان ، اردن کے شاہ عبداللہ دوم،بحرین کے شاہ حمد بن عیسی الخلیفہ،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس ،انڈونیشیا کے صدر ،جرمن چانسلر،،اسپین کے وزیراعظم ،اٹلی کی وزیراعظم ،سعودی عرب کے وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آلسعود سے ملاقاتیں کیں۔

Back to top button