کیا اداکارہ شازیل شوکت حقیقی زندگی میں بھی بولڈ ہیں؟

معروف اداکارہ شازیل شوکت نے انکشاف کیا ہے کہ وہ جیسی حقیقی زندگی میں ہیں ویسی ہی شوبز انڈسٹری میں نظر آتی ہیں، شازیل اپنی بولڈ شخصیت کی وجہ سے اکثر سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں رہتی ہیں، اداکارہ صرف 4 برس میں 7 ڈراموں میں جلوہ گر ہو چکی ہیں، اور بہت کم وقت میں شہرت سمیٹی ہے۔شازیل کی ’بولڈ شخصیت‘ کی وجہ سے اُنھیں سوشل میڈیا پر کافی تنقید کا سامنا رہتا ہے۔ جس پر شازیل کا کہنا ہے کہ وہ ’جیسی حقیقی زندگی میں ہیں ویسی ہی سوشل میڈیا پر نظر آتی ہیں۔‘ بی بی سی نے ان سے ایک خصوصی نشست میں ان کے ڈرامہ انڈسٹری میں آنے اور اب تک کے سفر سے متعلق جاننے کی کوشش کی ہے۔شازیل نے اپنے کریئر کا آغاز ’’پاکیزہ‘‘ ڈرامے سے کیا تھا جس میں اُنھوں نے ایک مثبت کردار ادا کیا، اس کردار کے بعد اُن کے جتنے بھی ڈرامے آئے اُس میں اُنھوں نے ایک منفی رول ادا کیا، اس بات کا ذکر کرتے ہوئے شازیل نے کہا ’میرا وہ پہلا کردار تھا جس میں صرف رونا دھونا تھا اور صرف ہاں یا ناں کرنا ہوتا تھا۔شازیل نے ڈرامہ عداوت میں فاطمہ کا کردار ادا کیا تھا جو کہ بہت معصوم اور سیدھی لڑکی ہے۔ اس میں ان کے شوہر کا کردار سید جبران نے ادا کیا تھا۔اس ڈرامے کے بارے میں شازیل کا کہنا تھا کہ کیونکہ اُنھوں نے ایسی لڑکی کا کردار پہلی بار کیا تو شائقین کو ان کا کام بہت پسند آیا۔ شازیل کے شوہر کا کردار ادا کرنے والے سید جبران سے متعلق جواب میں اُن کا کہنا تھا ’جبران بھائی بہت سینئر اداکار ہیں، اُن کے ساتھ کام کر کے بہت مزہ آتا ہے۔شازیل پیدا تو اسلام آباد میں ہوئیں مگر اس کے بعد وہ اپنے خاندان کے ہمراہ کینیڈا چلی گئیں۔ اُنھوں نے اپنی تعلیم وہیں سے حاصل کی، یونیورسٹی آف ٹورانٹو سے فیشن میں ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔اتنا عرصہ کینیڈا میں رہنے کے باعث اُنھیں اُردو زبان پر ابھی عبور حاصل نہیں ہے، شاید اسی وجہ سے اُن کی اُردو کے حوالے سے بھی انھیں کبھی کبھی ٹرول کیا جاتا ہے۔شازیل نے کہا کہ لوگ اُن کی اُردو کو لے کر مذاق اُڑاتے ہیں ’مگر جب تک اُن کو اُردو ٹھیک سے بولنی نہیں آتی وہ سیکھتی رہیں گی۔ شازیل کے والد افغان ہیں جبکہ ان کی والدہ کشمیری ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ ’افغان خاندان یہ برداشت نہیں کر سکتا کہ ان کی بیٹی شوبز انڈسٹری کا حصّہ بنے بلکہ تقریباً ہر خاندان میں ہی بیٹیوں کے لیے ایسے ہی خیالات پائے جاتے ہیں۔شازیل کہتی ہیں کہ ’میں لوگوں کی نہیں سنتی، مجھے فرق نہیں پڑتا کوئی کیا کہتا ہے۔ میں زیادہ اُن لوگوں کے پیغامات پڑھتی ہی نہیں ہوں جو میرے بارے میں منفی باتیں کرتے ہیں۔شازیل کے شوبز انڈسڑی میں زیادہ دوست نہیں ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ آج تک نہ کسی ایوارڈ شو میں نظر آئیں اور نہ ہی کسی پارٹی میں۔شازیل کی شخصیت کو دیکھ کر یہ اندازہ لگانا مشکل ہے کہ وہ شاید ہی کبھی اداکاری سے دور ہوں گی مگر اُنھوں نے بتایا کہ وہ ایسا اپنے شوق کی وجہ سے کر رہی ہیں اور ’جس دن شوق ختم ہو گیا بغیر بتائے شوبز انڈسڑی چھوڑ دوں گی۔