شعیب اختر نے انوشکا شرما کے بارے میں کیا غلط کہہ دیا؟

راولپنڈی ایکسپریس کہلانے والے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر کی جانب سے بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی کی خراب کارکردگی کی وجہ انکی شادی کو قرار دینے پر سوشل میڈیا صارفین انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں، لوگوں کا ان کی بات سے اختلاف کرتے ہوئے کہنا ہے کہ دراصل انہوں نے کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما کو نشانہ بنایا ہے جو کہ نامناسب بات ہے۔
شعیب اختر نے حال ہی ایک بھارتی نیوز آؤٹ لیٹ سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ویرات کوہلی کی شادی ان کے کیریئر کے آڑے آ گئی اور اگر وہ ان کی جگہ ہوتے تو شادی ہی نہ کرتے۔ شعیب اختر نے ایک مختصر ویڈیو کلپ میں ویرات کوہلی کے حوالے سے بات کرتے یوئے بتایا کہ بطور بلے باز ان پر پریشر ہے اور انہیں پرفارمنس دکھا کر اپنا کیرئیر بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تو کوہلی کی کپتانی گئی ہے لیکن آگے جا کر کہیں وہ بھارتی ٹیم سے ہی باہر نہ ہو جائیں۔ سابق فاسٹ بائولر کے مطابق ان کی خواہش رہی کہ ویرات کوہلی بطور بلے باز 100 سے 120 رنز بنایا کریں اور اچھی پرفارمنس دیتے رہیں، پنڈی ایکسپریس نے سابق بھارتی کپتان کے کیرئیر اور ان کی پرفارمنس پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کوہلی کو کرکٹ کھیلتے ہوئے شادی نہیں کرنی چاہئے تھی۔
انہوں نے دلیل دی کہ شادی کرنے کے بعد ذمہ داری اور پریشر بڑھ جاتا ہے، اسی وجہ سے اگر کوئی بھارت کی طرف سے کھیل رہا ہے تو اسے کرکٹ کھیلتے وقت شادی ہی نہیں کرنی چاہئے، شعیب اختر نے کہا کہ اگر ویرات کوہلی کی جگہ وہ بھارت کی طرف سے کھیل رہے ہوتے تو وہ 10 سے 12 سال تک شادی ہی نہیں کرتے۔
پاکستان سپر لیگ کا عمران والا پرومو چربہ کیوں قرار پایا؟
سابق پاکستانی کرکٹر نے اپنے تجزیے کے دوران انوشکا شرما کا ذکر نہیں کیا، البتہ ویرات کوہلی کی شادی کو ان کی خراب پرفارمنس سے جوڑا، جس وجہ سے اداکارہ کے مداح شعیب اختر سے نالاں دکھائی دیئے کیونکہ ان کے خیال میں شعیب نے بالواسطہ انوشکا شرما کو ویرات کوہلی کی خراب پرفارمنس کا ذمہ دار قرار دیا ہے، زیادہ تر لوگوں نے شعیب اختر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کسی کی خراب کارکردگی کا سبب اس کی شادی یا اسکی بیوی نہیں ہو سکتی۔
کچھ لوگوں نے شعیب اختر کے بیان کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی کی ذاتی زندگی کو اسخے کیریئر سے جوڑنا عقلمندی نہیں بلکہ شرارت ہے، بعض لوگوں نے دلیل دی کہ سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر شادی شدہ بھی تھے اور ان کے بچے بھی تھے لیکن وہ کرکٹ کی دنیا میں ریکارڈ بناتے چلے گے، کچھ لوگوں نے خود شعیب اختر کے کیریئر پر بھی بات کی اور کہا کہ انہیں اپنی شادی پر توجہ دینی چاہیے بجائے کے سرحد پار بیٹھے ہوئے کوہلی کے بارے میں نازیبا تبصرہ کرتے پھریں۔
