لاہور میں جلسے، جلوس، احتجاج، ریلیوں پر پابندی عائد

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے لاہور میں جلسے، جلوسوں پر پابندی دفعہ 144 کے تحت لگائی ہے جب کہ پابندی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، پابندی کا اطلاق سات روز کے لیے ہوگا۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن میں کہا گیا ہے کہ عائد کردہ پابندی کا نفاذ آج سے شروع ہو گا جب کہ پابندی امن و امان کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے عائد کی گئی ہے، محکمہ داخلہ کے نوٹی فکیشن کے مطابق ایک ہفتے تک لاہور میں احتجاج ، دھرنے اور مظاہروں پر پابندی ہوگی۔

واضح رہے کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے یہ حکم ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنی انتخابی مہم کے آغاز کے لیے آج زمان پارک سے داتا دربار تک ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پابندی کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہر نے رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ اور اقدام عمران خان کے خوف کے باعث کیا گیا، آج زمان پارک سے ریلی کا آغاز ہونے والا تھا کہ پابندی کی خبر سامنے آئی، ارد گرد کے تمام راستوں کو بند کردیا گیا اور ہمارے جھنڈوں اور دیگر اشتہاری سامان کو ضبط کیا گیا، ہمارے کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہاہے۔

حماد اظہر نے پی ٹی آئی کارکنوں سے پر امن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے الزام لگایا کہ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ لاشیں چاہتا ہے، رانا ثنااللہ خون چاہتا ہے، یہ بد کار، بد دیانت رجیم خون چاہتی ہے تاکہ اس خون کو بنیاد بنا کر پاکستان میں جمہوریت کو معطل کیا جائے، پی ٹی آئی رہنما نے کہا کارکن پر امن رہیں، مشاورتی جاری ہے، میں چیف جسٹس سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس فیصلے کا از خود نوٹس لیں۔

پی ٹی آئی کے سینیٹر وسیم شہزاد نے کہا کہ آج لاہور میں عمران خان کی زیرقیادت ریلی ایک عوامی ریفرنڈم ہوگا، ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا کہ آج کی ریلی میں انسانوں کا سمندر ثابت کرے گا کہ وہ ظلم و فسطائیت، انسانی حقوق کی پامالی اور امپورٹڈ حکومت کو مسترد کرکے آئین و قانون کی بالادستی اور حقیقی آزادی کے لیے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، آج نکالی جانے والی پی ٹی آئی کی ریلی کو عدلیہ کے احترام اور وقار کے نام کیا گیا ہے تاہم پارٹی کے اندرونی ذرائع اسے انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز قرار دیتے ہیں۔

پی ٹی آئی کے ایک رہنما نے کہا کہ ’کئی مہینوں تک آرام اور گولیوں کے زخم بھرنے کے بعد عمران خان خود آج ریلی کی قیادت کریں گے، گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے دعویٰ کیا تھا کہ پی ٹی آئی کی ریلی کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں، ریلی زمان پارک سے شروع ہوگی اور کینال روڈ پر رواں دواں ہوگی، مسلم ٹاؤن پر موڑ لیںے کے بعد ریلی اختتام پذیر ہونے سے پہلے داتا علی ہجویری کے مقبرے کی جانب مارچ کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی رہنما کے مطابق اس ریلی کا مقصد عدلیہ کو مضبوط کرنا ہے جو کہ عوام اور قانون کی حکمرانی کے لیے آخری امید ہے۔

ڈیفالٹ کا خطرہ ختم، پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرتے رہیں گے

Back to top button