سٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کا اعلان، شرح سود 12 فیصد پربرقرار

سٹیٹ بینک نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے شرح سود12 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرین کی جانب سے شرح سود میں1فیصد متوقع کمی کی توقعات کے برعکس سٹیٹ بینک نے آئندہ2 ماہ کیلئےشرح سود12 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ رواں برس گزشتہ ماہ کےدوران مہنگائی توقعات سے کم رہی، غذائی اشیا اور توانائی کی قیمتوں میں کمی کےباعث مہنگائی میں کمی رہی ہے۔جون تک زرمبادلہ ذخائر13 ارب ڈالر سے زائد ہوجائیں گے، مہنگائی میں مزید کمی ہوگی اور پھر بتدریج بڑھتے ہوئے5 سے7 فیصد پر مستحکم ہوجائے گی، غذا اور توانائی کی قیمتوں کا بڑھنا مہنگائی میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے۔
معاشی سرگرمیوں میں مسلسل بہتری سمیت درآمدات میں اضافہ ہورہا ہے، معاشی استحکام کیلئےمستقبل بنیادوں پرموجودہ حقیقی شرح سود کافی حد تک مثبت ہے، ٹیکس محاصل میں ہدف کےمقابلے میں کمی جنوری اورفروری میں مزید بڑھ گئی ہے۔
واضح رہے کہ27جنوری2025 کو اسٹیٹ بینک نے2 ماہ کیلئےشرح سود میں1فیصد کمی کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد شرح سود12 فیصد کی سطح پر آگئی تھی۔
جون2024 کےبعد سے اب تک مسلسل6 بار شرح سود میں کمی کی جاچکی ہے، گزشتہ8 ماہ کےدوران شرح سود10 فیصد کم ہوکر22 فیصد سےاب12 فیصد کی سطح پر برقرار ہے۔