ایران نےمیری درخواست پر8خواتین کی پھانسی روکی،ٹرمپ کادعویٰ

امریکی صدرڈونلڈٹرمپ نےدعویٰ کیا ہے کہ ایران نے میری درخواست پر 8 احتجاجی خواتین کو پھانسی نہ دینے کا فیصلہ کیا۔

سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ مجھے آگاہ کیا گیا ہے کہ ان میں سے 4 خواتین کو فوری طور پر رہا کر دیا جائے گا جبکہ باقی 4 کو ایک ماہ قید کی سزا دی جائے گی۔

ٹرمپ کے مطابق انہوں نے بطور امریکی صدر ایران سے اس معاملے پر درخواست کی تھی اور ان کے بقول ایرانی قیادت نے اس درخواست کا احترام کرتے ہوئے مجوزہ سزائے موت کا فیصلہ واپس لے لیا۔

انہوں نے کہاکہ وہ اس پیشرفت پر ایران اور اس کی قیادت کے شکر گزار ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز ایران سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ سزائے موت کا سامنا کرنے والی 8 احتجاجی خواتین کو رہا کردے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر یہ اقدام کیا گیا تو وہ اسے نہایت مثبت پیش رفت سمجھیں گے اور اس سے جاری مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے پاکستان بھرپور سفارتکاری کررہا ہے، اور ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مذاکرات کا دوسرا دور جمعے کو ہو سکتا ہے۔

Back to top button