صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ سیز فائر کےلیے کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی: ترجمان وائٹ ہاؤس

ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیوٹ نے واضح کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ سیز فائر کےلیے کوئی ڈیڈ لائن طے نہیں کی،جنگ بندی میں توسیع کب ختم ہوگی اس کا حتمی فیصلہ صدر ٹرمپ خود کریں گے۔
ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیوٹ نے جنگ بندی کےلیے 3 سے 5 روز کی ڈیڈ لائن سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو کسی معاہدے کےلیے کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی ہے۔
کیرولین لیوٹ نے کہا کہ صدر ٹرمپ ایران کو ایک متفقہ تجویز لانے کےلیے چند دن کا وقت دے رہے ہیں،ان چند دنوں کے دوران عارضی جنگ بندی برقرار رہ سکتی ہے،امریکا کو ایران کے جواب کا انتظار ہے،امریکی صدر جنگ بندی کی توسیع پر متفقہ ردعمل چاہتے ہیں۔
ترجمان وائٹ ہاؤس نے کہا صدر ڈونلڈ ٹرمپ آبنائے ہرمز میں ناکہ بندی سے مطمئن ہیں،ایران پر جو معاشی لیوریج مسلط کیاگیا ہے اس کی وجہ سے ایران مذاکرات کی طرف واپس آرہا ہے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے نکات کے جواب میں ایران کی جانب سے ایک متفقہ جواب چاہیے۔ صدر ٹرمپ ہی معاشی ٹائم لائن ڈکٹیٹ کریں گے،ایران کو لازمی افزودہ یورینیئم حوالے کرنا ہوگا۔
ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ایران جو کچھ امریکا سے نجی طور پر کہتا ہے وہ اس کے عوامی بیانات سے مختلف ہوتا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان نے کہاکہ دراصل اس وقت جنگ ایران کے اندر سخت گیر اور معتدل حلقوں کے درمیان جاری ہےجن کے درمیان جنگ بندی سے متعلق اختلاف پایا جاتا ہے۔
