پاکستان اور کویت کا دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق

 

 

 

پاکستان اور کویت نے دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے اور باہمی سلامتی کےلیے شراکت داری مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے کویتی وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ السالم الصباح نے ملاقات کی،جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور کویت نے پروٹوکول ایگریمنٹ 2026 پر دستخط کیے۔اعلامیے کے مطابق نئے معاہدے سے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ فوجی تعاون کے فریم ورک کو مزید وسعت ملے گی۔

اعلامیے میں کہاگیا ہےکہ پروٹوکول ایگریمنٹ 2026، دفاعی تعاون کے معاہدے 2023 کے تحت قائم فریم ورک کا تسلسل ہے۔ معاہدے کے تحت پاکستان کویتی مسلح افواج کو مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کرے گا۔

پاکستان کویتی مسلح افواج کے اہلکاروں کی تربیت اور استعداد کار بڑھانے میں بھی معاونت کرےگا جب کہ سرحدی انتظام اور دیگر دفاعی شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائےگا۔

فیلڈ مارشل سے کویتی وزیر دفاع کی ملاقات، دفاعی امور پر تبادلہ خیال

اعلامیے کےمطابق پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون باہمی طور پر طے شدہ شعبوں تک مزید وسیع کیا جائےگا۔دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات باہمی اعتماد،احترام اور مشترکہ تزویراتی مفادات پر مبنی ہیں۔

پاکستان اور کویت نے باہمی سلامتی،علاقائی امن و استحکام کےلیے اپنی دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 

Back to top button