وزیراعظم آزاد کشمیر کے امیدوار پر ن لیگ آزاد کشمیر میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے

 

 

 

 

مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیر اعظم کے الیکشن میں ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر اور سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کے درمیان ملاقات ختم ہوگئی۔ذرائع  کے مطابق دونوں رہنماؤں نے وزیر اعظم کے الیکشن میں ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم آزاد کشمیر نامزد کرنے کے پارٹی قیادت کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ نہ افتخار گیلانی کو ووٹ دیں گے اور نہ ہی وزیراعظم کے انتخاب کےلیے بلائے گئے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

شاہ غلام نے کہاکہ ‎آزاد جموں و کشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کی عزت، رائے اور وقار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، میاں نواز شریف کے ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے بیانیے کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا۔

مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے ذرائع کے مطابق شاہ غلام قادر نے پارٹی قائد میاں نوازشریف کی جانب سے بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم نامزد کیے جانے کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔شاہ غلام قادر کا مؤقف ہےکہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر منتخب رکن قانون ساز اسمبلی بیرسٹر افتخار گیلانی انہیں وزارتِ عظمیٰ کےلیے قابل قبول نہیں۔

ذرائع کےمطابق شاہ غلام قادر پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور کارکنان سے مشاورت کے بعد آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

‎‎پارٹی ذرائع کےمطابق مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے گزشتہ روز اسلام آباد میں وزیراعظم ہاؤس میں ہونےوالے اہم اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی موجودگی میں بھی بیرسٹر افتخار گیلانی کو وزیراعظم آزاد کشمیر بنانے کے فیصلے سے اتفاق نہیں کیا تھا۔

دونوں رہنماؤں نے واضح طور پر اپنا مؤقف پیش کرتےہوئے افتخار گیلانی کو وزارتِ عظمیٰ کےلیے قبول کرنے سے انکار کیا۔ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت ہونےوالے اجلاس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی اور وزیراعظم کے انتخاب کے حوالے سے پارٹی کے اندر موجود اختلافات اور تحفظات پر بھی بات چیت ہوئی۔

اجلاس میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی قیادت اور دیگر اہم رہنماؤں سے مشاورت کی گئی،تاہم شاہ غلام قادر اور راجہ فاروق حیدر نے اپنے تحفظات برقرار رکھے۔

‎مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہےکہ شاہ غلام قادر نے جمعہ کو وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کے لیے بلائے گئے قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں بھی شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں سے بھی مزید مشاورت جاری ہے جب کہ آئندہ چند گھنٹوں میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے اندر صورت حال مزید واضح ہونے کا امکان ہے۔

فیلڈ مارشل سے کویتی وزیر دفاع کی ملاقات، دفاعی امور پر تبادلہ خیال

‎پارٹی ذرائع کےمطابق شاہ غلام قادر کی جانب سے پارٹی قائد نواز شریف کے فیصلے سے اختلاف کےبعد مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں نئی سیاسی صف بندی کا امکان پیدا ہوگیا ہے،پارٹی کے اندر مختلف دھڑوں کے درمیان مشاورت جاری ہے اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔

‎مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے اندر وزیراعظم کے امیدوار کے حوالے سے سامنے آنے والے اختلافات نے حکومت سازی کے عمل کو نئی سیاسی صورت حال سے دوچار کر دیا ہے۔

 

Back to top button