پاکستان کی خطے میں امن کیلئے ثالثی کردار کو سراہتے ہیں،اسماعیل بقائی

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران اپنے قومی مفادات کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی جانب سے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں توسیع کی اپیل سے متعلق سوال پر اسماعیل بقائی نے پاکستان کی مثبت کوششوں اور خطے میں امن کے لیے ثالثی کردار کو سراہا۔
تاہم انہوں نے زور دیا کہ موجودہ تنازع ایران نے شروع نہیں کیا اورایران کے اقدامات مکمل طور پر اس کے فطری حقِ دفاع کے دائرے میں ہیں۔
دوسری جانب ایران کے صدارتی دفتر کے نائب ترجمان نے ایرانی قیادت کے اندر اختلافات کی خبروں کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔
ایکس پر جاری بیان میں سید مہدی طباطبائی کا کہنا تھا کہ ملک کی اعلیٰ قیادت کے درمیان اختلاف اور تقسیم کی باتیں بے بنیاد ہیں۔
خیال رہےکہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی میں توسیع کرتے ہوئےکہا تھا کہ وہ ایک منقسم ایران کو متفقہ مؤقف اختیار کرنےکا موقع دینا چاہتے ہیں۔
ٹرمپ کا نام لیے بغیر سید مہدی طباطبائی نے کہا کہ دشمن سیاسی پروپیگنڈا کر رہا ہے، ایرانی قیادت کے اندر اتحاد غیر معمولی اور قابل مثال ہے، جھوٹ گھڑنے کے بجائے انہیں اپنی وعدہ خلافی، دھونس اور فریب کو ختم کرنا چاہیے۔ انصاف، وقار اور عقلیت پر مبنی مذاکرات کا دروازہ اب بھی کھلا ہے۔
