دیہات کی ترقی سے ہی پائیدار خوشحالی ممکن ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ دیہات کی ترقی سے ہی پائیدار خوشحالی ممکن ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دیہی آبادی کی ترقی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مضبوط دیہی معیشت ترقی یافتہ پاکستان کی ضمانت ہے، جبکہ دیہی برادریاں زرعی پیداوار، غذائی تحفظ اور قومی ترقی میں بنیادی کردار ادا کر رہی ہیں۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی میں دیہات کی اہمیت بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ ان کے بقول زراعت میں کلیدی کردار ادا کرنے سے لے کر صدیوں پرانی روایات کے تحفظ تک، دیہات ہمارے معاشرے کی اصل روح ہیں۔

مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت دیہی برادریوں کو تعلیم، ہنر، صحت اور پائیدار روزگار کے مواقع فراہم کرکے بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ صوبے بھر کے دیہی علاقوں میں تعلیم، صحت، صاف پانی، جدید زرعی سہولتوں اور بنیادی انفراسٹرکچر کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ دیہات غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے، اقتصادی مواقع پیدا کرنے اور دیرپا استحکام کے فروغ کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، جبکہ دیہی آبادی پر سرمایہ کاری مضبوط اور لچکدار معاشرے کی بنیاد رکھنے کے مترادف ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا ہے کہ ستھرا پنجاب پروگرام پہلی بار شہری علاقوں کے ساتھ دیہات میں بھی مکمل طور پر فعال ہے، جبکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ الیکٹرک بسوں کی سہولت بھی دیہی علاقوں تک توسیع دی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ ’’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘‘ سکیم صرف دیہی علاقوں کے بے روزگار افراد کے لیے متعارف کرائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ 2 ہزار 400 سے زائد دیہات کو بنیادی شہری سہولتوں سے آراستہ کرنے کے لیے ’’مثالی گاؤں پروجیکٹ‘‘ پر کام جاری ہے، جس کے تحت واٹر فلٹریشن پلانٹس، پارکس اور بچوں کے کھیلنے کے مقامات تعمیر کیے جا رہے ہیں۔

 

گروپ کیپٹن کی قربانی قومی خدمت کی روشن مثال ہے:صدر، وزیراعظم

مریم نواز کے مطابق لوکل روڈز پروگرام کے تحت 1,500 سے زائد منصوبوں کے ذریعے 3,300 کلومیٹر سے زائد دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی جاری ہے، جبکہ ’’سوہنے پنڈ پنجاب دے‘‘ پروگرام کے تحت پختہ گلیوں کی تعمیر، سڑکوں کی مرمت، چلڈرن پارکس کے قیام اور شجرکاری کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔

Back to top button