دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو معافی نہیں ملےگی،فیلڈمارشل

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے سہولت کاروں کو کسی صورت معافی نہیں ملےگی،قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے آج کور ہیڈکوارٹر پشاور کا دورہ کیا، جہاں ان کا استقبال کور کمانڈر پشاور نے کیا۔ آرمی چیف کو ملک میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بعد ازاں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بنوں گیریژن میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے شہداء کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی، اور سی ایم ایچ بنوں میں زیر علاج زخمی جوانوں کی عیادت بھی کی۔
آرمی چیف نے وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی جرات اور قربانی کو سراہا۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ دہشت گردی کی ہر شکل کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔
جنرل سید عاصم منیر نےواضح کیا کہ ہر سہولت کار، مددگار یا دہشت گرد، چاہے وہ کوئی بھی ہو یا کہیں بھی ہو، اسے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا فوری اور سخت جواب دیا جائے گا، اور کسی بے گناہ پاکستانی کے خون کا حساب ضرور لیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خیبرپختونخوا پولیس سمیت تمام سول قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا اور متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاک فوج ان اداروں کی تربیت اور استعداد بڑھانے کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔