کالعدم کمیٹی کےمسلح افراد نےراولاکوٹ داخلےکی کوشش کی،آزادکشمیرپولیس

آزادکشمیر پولیس کا کہنا ہےکہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے مسلح افراد نےگزشتہ شام راولا کوٹ میں زبردستی داخل ہونےکی کوشش کی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر فائرنگ بھی کی۔
آزادکشمیر پولیس کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے احتجاجی شرکا سے شہر کا امن وامان خراب نہ کرنے اور منتشر ہونےکی اپیل کی، تاہم احتجاجی افراد نے نہ صرف شہر میں زبردستی داخل ہونےکی کوشش کی بلکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں آزاد جموں کشمیر پولیس کے 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔
ادھر راولاکوٹ میں بجلی مکمل بند اور مواصلاتی رابطے منقطع ہیں۔ پونچھ کے علاقوں ہجیرہ، عباس پور اور ضلع سدھنوتی میں بجلی بند ہے اور مواصلاتی رابطے منقطع ہیں۔
مظاہرین راولاکوٹ سے آگے مظفرآباد جاکر اسمبلی کے باہراحتجاج کرنا چاہتے ہیں۔کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی نے 27 جولائی کو راولاکوٹ سے مظفرآباد کی طرف مارچ کرنےکا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہےکہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے راولا کوٹ کی جانب مارچ کے دوران تصادم سے متعدد افراد کے جاں بحق اور کئی افرادکے زخمی ہونےکی اطلاعات ہیں۔
آزاد کشمیر پولیس کے ترجمان نے اپیل کی ہےکہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بے بنیاد ، گمراہ کن اور اشتعال انگیز خبروں پر یقین کرنے کے بجائے صرف مستند ذرائع سے موصول معلومات پر اعتماد کریں۔
