فلم ’موکلانی‘ نے آسکر کا ہم پلہ ایوارڈ جیت لیا

پاکستانی فلم ’موکلانی: دی لاسٹ موہناز‘ نے بین الاقوامی سطح پر شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے جیکسن وائلڈ میڈیا ایوارڈ 2025 اپنے نام کر لیا۔
یہ ایوارڈ عالمی سطح پر ماحولیات، فطرت اور جنگلی حیات پر بننے والی بہترین دستاویزی فلموں کے لیے دیا جاتا ہے اور فلمی دنیا میں اسے ’’آسکر‘‘ کے ہم پلہ سمجھا جاتا ہے۔
موکلانی‘ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں اور ماحولیاتی بحران کے پس منظر میں منچھر جھیل کے مقامی ماہی گیر قبیلے موہنا برادری کی جدوجہد، بقا اور ثقافت کی مؤثر عکاسی کرتی ہے۔
فلم کے ہدایت کار جواد شریف نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں اس کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ تاریخ رقم ہوگئی ۔’موکلانی‘ پہلی پاکستانی فیچر فلم ہے جس نے جیکسن وائلڈ میڈیا ایوارڈ جیتا۔ یہ کامیابی صرف ہماری ٹیم نہیں بلکہ پاکستان کے لیے ایک اعزاز ہے۔
