حکومت بھی ڈٹ گئی،پی ٹی آئی سے مذاکرات میں پہل نہ کرنے کا فیصلہ

حکومتی کمیٹی کے ترجمان سینیٹرعرفان صدیقی کاکہنا ہے کہ مذاکرات کی دعوت دینے کا موسم تمام ہوگیا، اب حکومت مذاکرات کے لیے پہل نہیں کرے گی۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ مذاکرات کیلئےحکومتی کمیٹی کے اہم رکن سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ مذاکرات کی دعوت دینے کا موسم تمام ہوگیا، اب حکومت مذاکرات کے لیے پہل نہیں کرےگی۔
سینئر رہنمانے کہا کہ مذاکرات کا دروازہ کھلا رہنے کا مطلب دعوت دینا نہیں اور مذاکرات کا دروازہ بند نہ کرنے کا بھی یہ مطلب نہیں کہ ہم ان کا انتظار کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب پی ٹی آئی پرمنحصر ہے کہ وہ کب سنجیدہ اور نتیجہ خیز مذاکرات چاہتی ہے۔
رپنما مسلم لیگ ن عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ جب پی ٹی آئی کا دل جلسوں، ہنگاموں اور9 مئی جیسے واقعات سے بھر جائے اورجب انہیں لگے کہ اب سنجیدہ مذاکرات کی ضرورت ہے تو وہ آئیں اور ہمارے ساتھ بیٹھیں مگر ہم اب کوئی دعوت نہیں دیں گے۔
عرفان صدیقی نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے اب خطوط نویسی شروع کردی ہے،سنا ہے کہ وہ اب تیسرا خط بھی لکھ رہے ہیں،درحقیقت سویلین بالادستی کبھی عمران خان کا مقصد ہی نہیں رہا۔
واضح رہے کہ 5 دن قبل یعنی 7 فروری کو ہی حکومت نے ایک بار پھر پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دی تھی۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ مذاکراتی کمیٹی تحلیل نہیں ہوئی، ہم نے کبھی بھی مذاکرات کے لیے دروازے بند نہیں کیے۔