دشمن کوقوم نے اپنی یکجہتی سے عبرتناک شکست دی،وزیرداخلہ

وزیرداخلہ محسن نقوی کاکہنا ہے کہ کشیدہ صورتحال میں پاکستانی قوم کندن بن کر نکلی ہے، طاقتور دشمن کو پاکستانی قوم نے اپنی یکجہتی سے عبرتناک شکست دی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے گوجرانوالہ میں مرکز مصطفیٰ کا دورہ کیا جہاں انہیں مدرسے کے مختلف سیکشن دکھائے گئے۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے مرکز مصطفیٰ کے سرپرست اعلی مولانا محمد رضا ثاقب مصطفائی سے ملاقات کی اور دین اسلام کی خدمت میں ادارے کے مثالی کردار کو سراہا۔ محسن نقوی نے مرکز مصطفیٰ کے طلبا کے مثبت کردار کی تعریف بھی کی۔
سرپرست اعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ کشیدہ صورتحال میں پاکستانی قوم کندن بن کر نکلی ہے، طاقتور دشمن کو پاکستانی قوم نے اپنی یکجہتی سے عبرتناک شکست دی۔عظیم فتح پراللہ تعالٰی کا شکر بجا لاتے ہیں، فتح میزائلوں نے دشمن پر ہیبت طاری کر دی اور نام نہاد طاقت پاش پاش کر کے رکھ دی۔
محسن نقوی نے کہا ہے کہ کشیدہ صورت حال میں پوری قوم کندن بن کر سامنے آئی، دشمن اب کوئی بھی مس ایڈونچر کرنے سے پہلے 100 بار سوچے گا۔
مولانا ثاقب مصطفائی نے کہا کہ پاکستانی قوم داندن شکن جواب چاہتی تھی جو ہماری بہادر مسلح افواج نے دیا، قوم نے مثالی جرأت اور بے خوفی کا مظاہرہ کیا اور اللہ تعالٰی کی مدد ہمارے ساتھ شامل رہی۔