پی ٹی آئی میں فساد کی جڑ خفیہ ہاتھ ہے ، خفیہ ہاتھ سب پر بھاری ہے ، وزیر داخلہ
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےکہا ہےکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کےاحتجاج میں پنجاب سےایک بھی شخص نہیں آیا،سب لوگ خیبرپختونخوا سے آئے ہیں، ان میں 2 ہزار وہ لوگ بھی شامل ہیں جو تربیت یافتہ ہیں،ان میں سے بہت سے لوگوں کی شناخت کرلی گئی ہے،ان کےبیک گراؤنڈ ہم نے چیک کرالیے ہیں کہ وہ لوگ کون ہیں، یہ جلد آپ کو بھی پتاچل جائے گا۔
اسلام آبادمیں میڈیا سےبات چیت کرتے ہوئےمحسن نقوی نے کہا کہ ہم ڈی چوک پر فائرنگ شروع کردیں توکوئی بندہ نہیں آئے گا لیکن ہم نےایسا نہیں کرنا، پاک فوج کی تعیناتی ریڈ زون کے تحفظ کےلیےکی گئی، بیلاروس کےسربراہ مملکت اس وقت ریڈ زون میں بیٹھے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ ہم نےیہ دعویٰ نہیں کیا تھاکہ مظاہرین اسلام آباد نہیں پہنچ سکیں گے بلکہ انہیں اسلام آباد میں داخلےسےروکنے کےلیےہر کوشش کرنےکی بات کی تھی،ہم نےاس کےلیےپی ٹی آئی سےبات چیت بھی کی،اس وقت بیلاروس کا وفد بھی یہاں موجود ہے،ہمارے لیےریڈ زون کی حفاظت سب سےضروری ہے۔
محسن نقوی نےکہاکہ پی ٹی آئی والےمذاکرات کرتےہیں اور فیصلہ بھی کر لیتے ہیں لیکن ایک خفیہ لیڈرشپ یہ سب کنٹرول کر رہی ہے جو پی ٹی آئی میں ہر کسی سےزیادہ طاقتور ہے۔
بشری بی بی کی قیادت میں پی ٹی آئی مظاہرین ڈی چوک پہنچ گئے
انہوں نےکہا کہ مظاہرین کے پاس آنسو گیس کے شیلز کی موجودگی ظاہرکرتی ہےکہ خیبر پختونخوا کی حکومت کے سارے وسائل اس احتجاج میں لگ رہے ہیں، ایک شیل کی قیمت 4500 روپے ہے،یہ سب خیبر پختونخوا کی حکومت نے انہیں فراہم کیےہیں۔
انہوں نےدعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی قیادت پاکستان کے مفاد کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتی لیکن ایک خفیہ طاقت پیچھے بیٹھی ہوئی ہےاوروہی خفیہ ہاتھ پاکستان کوبدنام کرنے کےایجنڈے پر عمل کر رہا ہے،اس خفیہ طاقت کا ایجنڈا پاکستان کا ایجنڈا نہیں ہے، وہ خفیہ ہاتھ کامیاب نہیں ہوسکا۔
وزیر داخلہ نےکہا کہ ہم نے پی ٹی آئی سے کہا کہ اس وقت غیر ملکی مہمان یہاں موجود ہیں جو پاکستان کے مہمان ہیں، آپ سیاست کریں اوراحتجاج کریں، اس سب میں نقصان صرف پاکستان کا ہوگا لہٰذا ریڈ زون سے دور رہیں، پی ٹی آئی والے اس کے لیے تیار ہیں لیکن فساد کی جڑ ’ خفیہ ہاتھ’ ہے، وہی ایک چیز سب پر بھاری ہے، اس کے ارادے کچھ اور ہیں، مجھے نہیں پتا کہ اس نےکب پی ٹی آئی کو ٹیک اوور کرنا ہے، اسی کی وجہ سے پی ٹی آئی کے ساتھ ہاتھ ہوجائے گا۔
محسن نقوی نےصحافی کے سوال کےجواب میں کہا کہ اس وقت احتجاج پر بیرونی حمایت کا الزام نہیں لگانا چاہتا لیکن مظاہرین کی فائرنگ سےہمارے جوان زخمی ہوئےہیں جو زیر علاج ہیں، ان کے پاس اسلحہ بھی موجود ہے، اس کی فوٹیج بھی ہے۔