2سے3روز میں پاک بھارت جنگ کاخدشہ ہے،خواجہ آصف

وزیردفاع خواجہ آصف نے آئندہ 2 سے 3 دنوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کے خدشات سے آگاہ کردیا۔
خواجہ آصف کا انٹرویو میں کہنا تھا کہ پہلگام واقعے پر بھارت کی جانب سے مسلسل پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے گئے ہیں، پاکستان نے واضح طور پر اپنا مؤقف پیش کرنے کے لیے مختلف فورمز پر یہ مسئلہ اٹھایا ہے۔
وفاقی وزیردفاع کاکہنا تھاکہ خطے میں جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں، پاکستان ذہنی طور پر جنگ کے لیے تیار ہے، پاکستان پوری قومی صلاحیت سے جواب دے گا، قومی صلاحیت کا مطلب ہمارے پاس موجود تمام صلاحیتوں کا استعمال ہے، اس بات کا خدشہ موجود ہے کہ آئندہ 2، 3 دنوں میں جنگ چھڑجائے گی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ بھارتی حملے کو دیکھ کر پاکستان اپنا ردعمل دے گا، جس طرح کا عمل بھارت کرے گا اس کو اسی طرح کے ردعمل کا سامنا ہوگا۔ بھارت نے اس حوالے سے کسی بھی قسم کے ثبوت پیش نہیں کیے ہیں، پاکستان نے بھارت کو اس معاملے کی مشترکہ شفاف تحقیقات کی بھی پیشکش کی ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ہماری طرف سے جنگ کا آغاز نہیں ہوگا لیکن اگر جنگ مسلط کی تو بھرپور جواب دیں گے، بھارت جتنی طاقت استعمال کرے گا اس سے زیادہ ہم طاقت سے جواب دیں گے۔
وزیر دفاع کا پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سےگفتگو میں دوست ممالک پڑوسی ممالک اور خطے کی بڑی طاقتیں بھی ثالثی کا کردار ادا کر رہی ہیں، دوست ممالک چاہتے ہیں کہ جنگ کی صورتحال نہ بنے، اللہ کرے ان ممالک کی کوششوں سے بھارت کو کچھ عقل آئے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جس طرح کا بھارت کا عمل ہوگا اسی طرح کا رد عمل دیا جائےگا،کسی کو کچھ شک نہیں ہونا چاہیے، بھارت کو بھرپور جواب دیں گے۔
وزیردفاع کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے واضح کیا ہےکہ معاملے کی بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کروائی جائیں، عالمی تحقیقات کے مطالبے پر بھارت نے کوئی جواب نہیں دیا، مطلب دال میں کچھ کالا ہے۔