جمہوریت، آئین اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: بلاول بھٹو

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 1973 کے آئین، جمہوری استحکام، اور پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع و خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں ہمارے عوام کی ثابت قدمی، اتحاد اور بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں ہمارے آبا و اجداد نے ایک ایسا تاریخی کارنامہ سرانجام دیا جسے دنیا کے بہت سے لوگ ناممکن سمجھتے تھے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ بانیانِ پاکستان کے وژن کی علمبردار رہی ہے۔ ہم نے ہر دور میں جمہوریت، آئین اور عوام کے حق حکمرانی کا دفاع کیا ہے اور کرتے رہیں گے۔
سینیٹر اعجاز چوہدری کی نااہلی کے باعث خالی ہونے والی نشست پر انتخاب 9 ستمبر کو ہوگا
انہوں نے نوجوان نسل کو خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دن ہمیں نفرت، تعصب اور عدم برداشت کو مسترد کرنا ہوگا۔ میری اپیل ہے کہ ہم سب مل کر ایک پُرامن، ترقی پسند اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے متحد ہوں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا "آئیے ہم عہد کریں کہ ہم اپنی جمہوریت کا تحفظ کریں گے، عوام کو بااختیار بنائیں گے اور پاکستان کو ایک روشن مستقبل کی جانب لے کر جائیں گے۔”
