دہشتگردوں کے لیے کوئی محفوظ پناہ گاہ نہیں رہے گی ،رانا ثنااللہ

وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے فیصلہ کر لیا ہے کہ جہاں سے بھی دہشت گرد کارروائیاں ہوں گی، اُن کے ٹھکانے تباہ کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں وہ جگہیں جہاں دہشت گرد تربیت لیتے اور اسلحہ حاصل کرتے تھے، اب تباہ کر دی گئی ہیں۔ رانا ثناء اللہ نے مزید بتایا کہ اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ وہاں سے کوئی تربیت حاصل کرکے کارروائی کے لیے پاکستان داخل نہ ہو سکے۔ اگر کہیں کوئی پوشیدہ ٹھکانہ باقی رہ گیا ہو تو اسے بھی تلاش کر کے ختم کیا جائے گا۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ حکومت اور مسلح افواج نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا ہے کہ جس جگہ سے دہشتگردی کی حمایت یا تربیت ہوگی، وہ مقام تباہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ افغانستان کو بارہا وارننگ دی گئی تھی اور آخری وارننگ تین ہفتے قبل بنوں حملے کے بعد دی گئی تھی، جب کہا گیا تھا کہ فیصلہ کریں کہ وہ دہشتگردوں کے ساتھ ہیں یا پاکستان کے ساتھ۔

انہوں نے کہا کہ ایک واضح فیصلہ کے بعد کہا گیا تھا کہ اگر دراندازی ہوئی تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا، اور جب ایسے واقعات رونما ہوئے تو جواب بھرپور طور پر دیا گیا۔

Back to top button