معروف ٹک ٹاکر ناصر خان لڑکیوں سے پریشان کیوں ہوگئے؟

صحت سے متعلق بنائی گئی ویڈیو سے میمز بننے پر مشہور ہونے والے ٹک ٹاکر ناصر خان نے بتایا کہ شروع میں گھر سے بہت ڈانٹ پڑی تھی، مجھے نوکری نہیں مل رہی تھی جس سے تنگ آ کر ٹک ٹاک پر ویڈیوز بنانا شروع کیں۔
منفرد انداز میں ویڈیوز شیئر کر کے سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کرنے والے ٹک ٹاکر ناصر خان جان کا کہنا ہے کہ زیادہ تر لڑکیاں ان کی فین ہیں، مجھ سے ملنے کے لیے لڑکیاں صبح گھر کے دروازے کے باہر کھڑی ہوتی ہیں۔
ناصر خان جان نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو میں شرکت کی جہاں انہوں نے سوشل میڈیا پر صحت سے متعلق ایک معمولی سے ویڈیو سے اپ لوڈ کرنے کے بعد ٹک ٹاکر کے طور پر اپنے سفر کے آغاز کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔
واضح رہے کہ ناصر خان جان نے 2016 میں اپنا فیس بک اکاؤنٹ بنایا تھا جہاں وہ صحت کے علاوہ دیگر منفرد ویڈیوز اپ لوڈ کرتے ہیں، ان کی بنائی گئی ویڈیوز کی وجہ سے انہیں عوام کی جانب سے کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ فیس بُک پر ان کے 3 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں۔
مارننگ شو میں بات کرتے ہوئے ناصر خان جان نے بتایا کہ ٹک ٹاکر بننے سے قبل وہ نوکری ڈھونڈ رہے تھے کیونکہ انہوں نے انگریزی میں ماسٹرز کیا ہوا ہے، تاہم جب نوکری نہیں ملی تو صحت سے متعلق ایک ویڈیو اپ لوڈ کی، ویڈیو اپ لوڈ کرنے کے بعد گھر میں بہت ڈانٹ پڑی، میری صحت سے متعلق سنجیدہ ویڈیو کو لوگوں نے مذاق میں لے لیا، ڈھیروں میمز بننا شروع ہوگئیں اور اسی طرح آہستہ آہستہ میں سوشل میڈیا پر مشہور ہوگیا۔
ناصر خان نے اپنی شادی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اہلیہ کو ایک شادی کی تقریب میں دیکھا تھا جہاں وہ بالکل کترینہ کیف جیسی لگ رہی تھیں، میں نے ہمت کر کے ان کو پروپوز کرلیا لیکن وہ نہیں مانیں، دوسری بار جب پروپوز کیا تو ان کے والد نہیں مانے، پھر میں نے تیسری بار اپنے سسر کو اعتماد میں لیا کیونکہ باپ ہی خاندان کا بنیادی ستون ہوتا ہے، سسر کو اعتماد میں لینے کی وجہ سے اہلیہ سے میری شادی ہوئی، مجھے خود کی بنائی ہوئی ویڈیوز بالکل پسند نہیں، ویڈیو اپ لوڈ کرنے کے بعد میں انہیں دوبارہ نہیں دیکھتا ہوں۔
ناصر خان جان نے سوشل میڈیا پر لوگوں کی جانب سے کی جانے والی تنقید پر غصے سے موبائل بھی توڑ دیئے تھے، وہ کہتے ہیں کہ سوشل میڈیا پر بہت ٹرولنگ ہوتی ہے جس کی وجہ سے غصے میں 2 یا تین موبائل فون توڑ دیئے۔
وہ کہتے ہیں کہ زیادہ تر لڑکیاں ان کی بڑی فین ہیں، مجھ سے ملنے کے لیے لڑکیاں صبح سویرے گھر کے گیٹ کے باہر کھڑی ہو جاتی ہیں، جس کی وجہ سے کبھی کبھار میں تنگ اور غصے میں آ جاتا ہوں، لڑکیوں کو جب موقع ملتا ہے گیٹ کھول کر گھر کے اندر آ جاتی ہیں، میں لڑکیوں کی عزت کرتا ہوں، اس لیے جب کوئی گھر میں داخل ہو جائے تو ان کی مہمان نوازی کرتا ہوں، لڑکیاں میرے ساتھ ویڈیوز اور تصاویر بھی بناتی ہیں۔
