ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی: پاکستان شاہینز نے میلبرن رینیگیڈز اکیڈمی کوہرادیا

ڈارون میں کھیلے گئے ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی کے پندرہویں میچ میں پاکستان شاہینز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میلبرن رینیگیڈز اکیڈمی کو 73 رنز سے شکست دی۔

179رنز کے ہدف کے تعاقب میں میلبرن رینیگیڈز اکیڈمی کی پوری ٹیم 19.2 اوورز میں 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جوش براؤن 36 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان شاہینز کی جانب سے معاذ صداقت نے 3، فیصل اکرم نے 2 جبکہ عبید شاہ، سعد مسعود، محمد وسیم اور مبصر خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل شاہینز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے عبدالصمد کی شاندار اور ناقابل شکست سنچری کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔

ابتدائی اوپنرز یاسر خان اور خواجہ نافع بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ محمد فائق 21 اور معاذ صداقت 4 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

55 کے اسکور پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد جارحانہ بلے باز عبدالصمد نے کپتان عرفان خان کے ساتھ مل کر 109 رنز کی شراکت قائم کی۔ عرفان خان 23 رنز پر آؤٹ ہوئے، تاہم عبدالصمد 110 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

Back to top button