ٹرمپ کا پھر پاک بھارت جنگ کا ذکر، 11 طیارے گرائے جانے کا دعویٰ

صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان کے ہاتھوں 11 بھارتی طیاروں کی تباہی کا ذکر چھیڑ دیا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے  پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والی حالیہ جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس تنازع کے دوران 11 طیارے گرائے گئے تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی انتہائی خطرناک مرحلے تک پہنچ گئی تھی، تاہم بروقت سفارتی کوششوں کے نتیجے میں جنگ کو مزید پھیلنے سے روکا گیا۔ امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ ان کی کوششوں سے دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان ممکنہ ایٹمی جنگ ٹل گئی، جس کے باعث تقریباً تین کروڑ افراد کی جانیں بچیں۔ ان کے بقول پاکستانی وزیراعظم نے بھی انہیں بتایا کہ جنگ رکنے سے لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں لوگوں کی زندگیاں محفوظ ہوئیں۔ٹرمپ نے ایک بار پھر اس بات کو دہرایا کہ امریکا نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے قیام میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ وہ اس سے قبل بھی متعدد مواقع پر یہی مؤقف اختیار کر چکے ہیں۔

گفتگو کے دوران امریکی صدر نے اسرائیل کی سیاست کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت میں اسرائیل میں ان کی مقبولیت 99 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی سمجھ سے بالاتر ہے کہ کوئی یہودی ووٹر ڈیموکریٹک پارٹی کی حمایت کیسے کر سکتا ہے۔انہوں نے ایلون مسک کے ساتھ اپنے تعلقات کو بھی خوشگوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کے درمیان اچھے روابط قائم ہیں۔

یاد رہے کہ صدر ٹرمپ اس سے قبل بھی کئی بار پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی میں امریکی کردار کا دعویٰ کر چکے ہیں، جبکہ اس حوالے سے ان کے بیانات پر بھارت میں حکومتی اور اپوزیشن حلقوں کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آتا رہا ہے۔

Back to top button