روسی تیل کی خریداری بند نہ کرنے پرٹرمپ کی بھارت کو پھردھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی تیل کی خریداری نہ روکنے پر بھارت کو ایک بار پھر بھاری ٹیرف عائدکرنےکی دھمکی دیدی۔
ائیر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’میں نے بھارت کے وزیراعظم مودی سے بات کی اور انہوں نے کہا کہ وہ روسی تیل کے معاملے میں اب ایسا نہیں کریں گے‘۔
ٹرمپ کے اس بیان پر ایک صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ ’پھر بھارتی حکومت یہ کیوں کہہ رہی ہے کہ مودی اور ٹرمپ کے درمیان ایسی کوئی بات نہیں ہوئی؟
ٹرمپ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’مجھے نہیں پتا، اگر وہ یہ کہنا چاہتے ہیں تو پھر وہ بھاری محصولات ادا کرتے رہیں، اور وہ ایسا کرنا بالکل نہیں چاہیں گے‘۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے انہیں روس سے تیل نہ خریدنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ بھارت کی جانب سے روسی تیل کی خریداری پر خوش نہیں تھے مگر اب یہ معاملہ طے ہوگیا ہے۔
