روسی تیل خریدنےپرٹرمپ کی بھارت کو100فیصدٹیرف کی دھمکی

ٹرمپ کی نئی پالیسی آگئی،روسی تیل خریدنے پر بھارت کو 100 فیصد امریکی ٹیرف کا سامنا کرناپڑسکتاہے۔
امریکا نے روس سے تیل اور گیس خریدنے والے ممالک پر سخت معاشی دباؤ بڑھانے کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے ایک سخت قانون منظور کرلیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اس قانون کے تحت صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھارت اور چین سمیت روس سے تیل و گیس خریدنے والے بڑے خریداروں کی مصنوعات پر 100 فیصد تک اضافی ٹیرف عائد کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔
امریکی ایوان نمائندگان نے اس ایکٹ کو 262 کے مقابلے میں 159 ووٹوں سے منظور کیا جس کے بعد بل کو دستخط کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھیج دیا گیا ہے۔ سینیٹ اس کی منظوری پہلے ہی دے چکی ہے۔
اس قانون کا بنیادی مقصد روس کی توانائی اور دفاعی آمدنی کو محدود کرکے یوکرین جنگ کے لیے ماسکو کے مالی وسائل پر دباؤ بڑھانا ہے۔
نئے قانون کے تحت ٹرمپ کو روسی تیل اور گیس خریدنے والے ممالک پر ان کے امریکی درآمدی سامان کے حوالے سے 100 فیصد تک ٹیرف عائد کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔
قانون روس کے توانائی اور دفاعی شعبوں، اعلیٰ روسی حکام اور پابندیوں سے بچنے کے لیے استعمال ہونے والے ٹینکرز کے نام نہاد ’’شیڈو فلیٹ‘‘ کو بھی نشانہ بناتا ہے۔
