جوڈیشل کمیشن اجلاس : جسٹس سرفراز اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقرر

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں جسٹس سرفراز ڈوگر کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ، جسٹس جنید غفار کو چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ، جسٹس عتیق شاہ کو چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ، جسٹس روزی خان کو چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ تعینات کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

 ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کی تعیناتی کےلیے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس ہوا ہے۔

جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں پہلے مرحلے پر پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی تعیناتی پر جسٹس ایس ایم عتیق شاہ،جسٹس اعجاز انور اور جسٹس ارشد علی کے ناموں پر غور کیاگیا۔

ذرائع کےمطابق جسٹس عتیق شاہ کو چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ تعینات کرنے کا فیصلہ کیاگیا اور ان کے نام کی منظوری دےدی گئی۔

پشاور ہائی کورٹ کے بعد جوڈیشل کمیشن نے بلوچستان ہائی کورٹ سے جسٹس روزی خان، جسٹس محمد کامران خان اور جسٹس اقبال احمد کاسی کے ناموں پر غور کیا۔ جس کے بعد جسٹس روزی خان کو چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ تعینات کرنےکا فیصلہ کیاگیا اور ان کے نام کی منظوری دےدی گئی۔

جوڈیشل کمیشن نے جسٹس سرفراز ڈوگر کو چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا اور ان کے نام کی منظوری دیدی گئی۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ سے جسٹس سرفراز ڈوگر سینارٹی لسٹ میں پہلے نمبر پر ہیں۔

پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کیلئے عتیق شاہ کا نام منظور، دیگر نام زیر غور

ذرائع کےمطابق اجلاس کی کارروائی کے دوران جسٹس منصور علی شاہ نے اعتراض اٹھایا کہ 26 ویں آئینی ترمیم پر فیصلہ پہلےہونا چاہیے۔ جسٹس منیب اختر نے بھی جسٹس منصور علی شاہ کی رائے کے حق میں رائے دی۔جب کہ پی ٹی آئی کے 2 ارکان نے بھی جسٹس منصور شاہ کی رائے کی حمایت کی۔ وزیر قانون خیبرپختوا نے بھی جسٹس منصور علی شاہ کی رائے سے اتفاق کیا۔

Back to top button