انڈر19 ویمنز ٹی20 سہ ملکی سیریز،سری لنکانےپاکستان کوشکست دیدی

فیصل آباد میں جاری انڈر 19 ویمنز ٹی20  سہ ملکی سیریز کے چھٹے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ میزبان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز بنا سکی، جس کے جواب میں سری لنکا نے ہدف ایک وکٹ کھو کر 16.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔

اقبال سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کی کپتان چامودی پرابودھا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا۔ پاکستان کی جانب سے کومل خان نے مزاحمت کرتے ہوئے 59 گیندوں پر54 رنز بنائے، جس میں 7 چوکے شامل تھے۔ وہ اننگز کے 19ویں اوور میں چامودھی ہیرتھ کی گیند پرآؤٹ ہوئیں۔

کومل خان کے علاوہ رَوائل فرحان نے 26 اور شہر بانو نے 14 رنز بنائے۔ پاکستان کی 5 کھلاڑی رن آؤٹ ہوئیں، جبکہ سری لنکا کی جانب سے ڈانوڈیا سیوِمنی، نیتھمی اپیکشا اور چامودھی ہیرتھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

111رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی اوپنرز ویموکشا بالاسوریا اور سنجنا کاوندی نے پہلی وکٹ کے لیے 108 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کی فتح آسان بنادی۔ سنجنا کاوندی 46 گیندوں پر 61 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ ان کی اننگز میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ انہیں ماہ نور زیب نے 15ویں اوور میں آؤٹ کیا، اس وقت سری لنکا کو جیت کے لیے صرف 3 رنز درکار تھے۔

 

ویموکشا بالاسوریا نے 46 گیندوں پر ناقابل شکست 43 رنز بنائے، جس میں 4 چوکے شامل تھے۔ انہوں نے اگلے اوور کی دوسری گیند پر فاتحانہ رنز بنا کر سری لنکا کو کامیابی دلادی۔

اس فتح کے بعد سری لنکا 4 میچوں میں 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر آگیا ہے، جبکہ پاکستان 2 میچوں میں تیسری شکست کے بعد 2 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر ہے۔

پاکستان اپنا اگلا میچ اتوار کو اسی میدان میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا، جبکہ سری لنکا اگلے روز اپنے پانچویں میچ میں دوبارہ میزبان پاکستان کے مدمقابل ہوگا۔

 

Back to top button