پاک آسٹریلیا ون ڈے سیریز کیلئےانتہائی سستی ٹکٹوں کی فروخت کاشیڈول جاری

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان آئندہ ون ڈے سیریزکیلئے انتہائی سستی ٹکٹوں کی فروخت کا شیڈول جاری کردیاگیا۔
ترجمان پی سی بی کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کے آن لائن اور فزیکل ٹکٹ 22 مئی سے فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے۔ شائقین دوپہر ایک بجے کے بعدپی سی بی ڈاٹ ٹی سی ایس ڈاٹ کام ڈاٹ پی کے کے ذریعے آن لائن ٹکٹ خرید سکیں گے جبکہ فزیکل ٹکٹ مختلف شہروں میں قائم ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز سے حاصل کیے جا سکیں گے۔
بورڈ کے مطابق شائقین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹکٹوں کی قیمتیں کم رکھی گئی ہیں جن کا آغاز 200 روپے سے ہوگا۔ اس کے علاوہ کارپوریٹ ہاسپیٹیلٹی پیکجز بھی دستیاب ہوں گے جن کی تفصیلات پی سی بی ہیڈ آفس سے حاصل کی جا سکیں گی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 30 مئی کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور تیسرا ون ڈے بالترتیب 2 اور 4 جون کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔ تمام میچز مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے شروع ہوں گے۔
یہ سیریز آسٹریلیا کی 2022 کے بعد پاکستان میں پہلی دوطرفہ ون ڈے سیریز ہوگی جس کے باعث شائقین میں خاصا جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔
