کیا اپوزیشن جماعتیں 9 مئی کے منصوبہ ساز کا ساتھ دیں گی؟

معروف لکھاری اور تجزیہ کار عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ عمران خان نے پاکستانی فوج اور ملکی معیشت کی تباہی کے مشن میں ناکامی کے بعد اب انہی سیاسی جماعتوں اور قائدین کے ہاتھ ملانے کی کوشش شروع کر دی ہے جنہیں وہ ماضی میں ملعون و مطعون کرتے ہوئے گندے القابات سے پکارتے رہے ہیں۔ لہذا دیکھنا یہ ہوگا کہ مولانا فضل الرحمن اور دیگر سیاسی قائدین کیا 9 مئی کے منصوبہ ساز کے جھانسے میں آتے ہیں یا نہیں۔

روزنامہ جنگ کے لیے اپنے تازہ سیاسی تجزیے میں عرفان صدیقی کہتے ہیں کہ حال ہی میں تحریک انصاف کے وفد سے ایک ملاقات کے دوران چیف جسٹس فریدی نے یہ صائب مشورہ دیا کہ پی ٹی آئی کے منتخیب اراکین پارلیمینٹ ایجی ٹیشن اور بائیکاٹ کی سیاست کے بجائے سسٹم کے اندر رہتے ہوئے اپنا جمہوری کردار ادا کریں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ کیا تحریکِ انصاف کی قیادت چیف جسٹس کے مشورے پر کان دھرے گی؟ شاید ہی کوئی انتہا درجے کا خوش گمان، اِس سوال کا جواب ہاں میں دے سکے۔

عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ سسٹم کے اندر رہتے ہوئے، آئین وقانون کے تقاضوں، پارلیمانی روایات اور جمہوری اقدار کے مطابق کردار ادا کرنا پی۔ٹی۔آئی کی سرشت میں ہی نہیں۔ ایجی ٹیشن اور بائیکاٹ اِسکی غذا ہیں اور رُبع صدی سے یہی غذا اُسے زندہ رکھے ہوئے ہے۔ وہ بھاری تعداد میں قومی اسمبلی میں موجود ہے اور سینٹ میں بھی۔ کسی پارلیمانی رپورٹر کو، دونوں ایوانوں سے مصدقہ ریکارڈ حاصل کرکے بتانا چاہئے کہ پی۔ٹی۔آئی کے ارکان کی کارکردگی کیا رہی؟ اُس نے کتنا وقت احتجاج، نعروں، غُل غپاڑے، کاغذات کے پُرزے اُڑانے اور ایوان کو مچھلی بازار بنانے میں صرف کیا؟ کتنا وقت واک آئوٹ اور بائیکاٹ کی نذر کیا؟ قانون سازی کو کس سنجیدگی سے لیا؟ اس دوران ہی ٹی آئی دونوں ایوانوں میں کتنے بل لیکر آئی؟ حکومتی بلوں میں کتنی ترامیم پیش کیں اور اہم قومی مسائل پر کتنی فکر انگیز تقاریر کیں؟ سسٹم کے اندر رہتے ہوئے البتہ وہ تنخواہ سمیت اُن تمام مراعات وسہولیات سے مستفید ہو رہی ہے جو ارکانِ پارلیمنٹ کو حاصل ہیں۔ سپیکر ایاز صادق کے پاس وہ دستاویز موجود ہے جس پر پی۔ٹی۔آئی کے ساٹھ سے زائد ارکان نے، تنخواہوں میں اضافے کی استدعا کی۔

عرفان صدیقی کہتے ہیں کہ پارلیمانی کارکردگی سے ہٹ کر بھی پی ٹی آئی کا کردار وعمل، سنجیدہ فکری اور بالغ نظری سے عاری رہا۔ 9 مئی اور 26 نومبر جیسی مہم جُوئی کے بعد عمران خان نے، ماضی کے موقف اور اپنے مقبول ترین بیانیے کو ایک طرف رکھتے ہوئے اُس حکومت سے مذاکرات کا فیصلہ کیا جسے وہ فارم ’47‘ کی پیداوار اور دھاندلی سے مسلط کردہ کہتے تھے اور جس حکومت میں شریک جماعتوں کو چوروں اور ڈاکوئوں کا ٹولہ قرار دیتے تھے۔ خان صاحب کا یہ فیصلہ، بہرطور زمینی حقائق کے جبر کا نتیجہ تھا لیکن اتنا بڑا کڑوا گھونٹ پینے کے بعد بھی جب پی۔ٹی۔آئی مذاکرات کی میز پہ بیٹھی و خُوئے تصادم ساتھ لے کر آئی۔ مطالبات کی دستاویز کو چارج شیٹ بنادیا اور اِس مشق کے منطقی انجام تک پہنچنے سے قبل ہی ایک خود تراشیدہ بہانے کی آڑ میں گھر چلی گئی۔ پھر یکایک خطوط نویسی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

عرفان صدیقی کہتے ہیں کیا اِن خطوط کا لب ولہجہ بھی جارحانہ بلکہ باغیانہ رہا۔ چیف جسٹس کو لکھے گئے ساڑھے تین سو صفحات پر مشتمل خط کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں۔ جنرل سید عاصم منیر کو خط لے جانے والا کبوتر مارگلہ کی پہاڑیوں اور گھاٹیوں پر دیر تک بھٹکنے کے بعد لاپتہ ہوگیا۔ کئی دِنوں بعد اُسکے پَر دامنِ کوہ کی ڈھلوانوں پر بکھرے پڑے ملے۔ خط کا کوئی سراغ نہ ملا۔ اگر یہ خطوط اُلجھائو کی بجائے سُلجھائو کے لئے ہوتے تو کم ازکم قومی سطح پر بحث ونظر کا سنجیدہ موضوع ضرور بن جاتے لیکن ہر خط ایک فردِجرم کی تصویر تھا۔ سو یہ مشق بھی رائیگاں ٹھہری۔

انکا کہنا ہے کہ بے ثمر مذاکرات اور بے مغز مکتوبات کے بعد اَب پی۔ٹی۔آئی اُن اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ’گرینڈ الائنس‘ بنانے جا رہی ہے جس کے قائدین کو وہ برسہا برس سے مغلظات سنا رہی تھی۔ ایسے میں سوال یہ ہے کہ کیا یہ بیل منڈھے چڑھ پائے گی؟ بظاہر اس کے امکانات بہت کم ہیں۔ بنیادی وجہ یہ ہے کہ پی۔ٹی۔آئی کا کوئی ایسا ٹھوس مشاورتی ڈھانچہ نہیں جو عمران خان کو قائل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ عالم یہ ہے کہ جماعت کے سینئر راہنما بھی ہر آن کسی نادیدہ خوف کے آسیب کا شکار دکھائی دیتے ہیں اور لب کشائی کرتے ہوئے ہچکچاتے ہیں کہ کہیں کوئی جملہ، سرزنش کا باعث نہ بن جائے۔ ہر بات، ہر معاملہ، چھوٹا ہے یا بڑا ، عمران خان سے بندھا ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمرایوب خان کے مطابق چیف جسٹس سے ملاقات سے پہلے ہم نے تین بار عمران خان سے اجازت لی۔ جب پارٹی کے سرکردہ راہنمائوں کیلئے خان صاحب کی ایک ہاں کافی نہ ہو اور تین بار ’ہاں‘ کا شرعی تقاضا لازم ہو تو اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ خان صاحب کی کڑی گرفت کا عالم کیا ہے؟ اپوزیشن جماعتیں بھی بخوبی جانتی ہیں کہ عمران خان خود کو ہی حرفِ آخر خیال کرتے ہیں۔ ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ کیا اپوزیشن جماعتیں عمران کے ساتھ مل کر ہنگامہ ارائی اور انتشار کی وہ حکمتِ عملی اپنا سکیں گی جو پی۔ٹی۔آئی کا طرۂِ امتیاز ہے؟ کیا وہ ترسیلاتِ زر نہ بھیجنے، آئی۔ایم۔ایف کو پاکستان کی مدد سے روکنے، عالمی پارلیمانوں کو پاکستان کے اندرونی معاملات بارے اُکسانے، قومی سلامتی کے ضامن اداروں کو نشانہ بنانے، سوشل میڈیا کے ذریعے نفرتوں کے الائو بھڑکانے، پاکستان کی صورتِ حال کو غزہ اور مقبوضہ کشمیر سے بدتر قرار دینے، 26 نومبر کو جلیانوالہ باغ کے قتل عام کے مماثل قرار دینے اور 278 کارکنوں کے سینے چھلنی کردیے جانے والے بے ننگ ونام جھوٹ جیسی مکروہ سوچ کے ساتھ چل سکیں گے؟

کیا چیف جسٹس آفریدی  PTI کی شکایات کا ازالہ کرنے کی پوزیشن میں ہیں؟

عرفان صدیقی کہتے ہیں کہ ’’گرینڈ الائنس‘‘ وجود میں آنے سے پہلے ہی پی۔ٹی۔آئی نے رمضان کے بعد تحریک چلانے کا اعلان کردیا ہے۔ اِس تحریک کے اہداف ومقاصد کیا ہونگے؟ کوئی نہیں جانتا۔ جو کچھ بھی ہوگا اُس کا انحصار سیاسی راہنمائوں کی باہمی گفت وشنید پر نہیں ، خان صاحب کی صوابدید پر ہے۔ انکا کہنا یے کہ سیاسی اتحاد ایک خاص طرح کی آب وہوا بھی مانگتے ہیں۔ شر پسندی سے سیاسی اہداف حاصل نہیں کیے جاتے۔ لہازا اپوزیشن جماعتوں کو اپنا سارا اثاثہ پوٹلی میں باندھ کر پی۔ٹی۔آئی کی ایسی شکستہ کشتی میں سوار ہونے سے پہلے سوچنا ہوگا جس کے ملّاح کی انتشار پسندانہ سوچ سے کسی بھی وقت 9 مئی جیسا کوئی اور سانحہ بھی رونما ہو سکتا ہے۔

Back to top button