بھارتی ماڈل کا بالی ووڈ کی 9 مشہور شخصیات پر جنسی زیادتی کا الزام

مبئی سے تعلق رکھنے والی بالی ووڈ کی سابق ماڈل اور شاعرہ نے بھارتی فلم انڈسٹری کے 9 مردوں پر جنسی زیادتی اور چھیڑ چھاڑ کا الزام لگایا ہے۔
سابق ماڈل نے بھارتی فلم انڈسٹری کے اداکار جیکی بھگنانی سمیت 8 معروف مرد شخصیات پر ان کے ساتھ زیادتی اور چھیڑ چھاڑ کرنے کے خلاف ممبئی کے ایک پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے۔
ان 9 شخصیات میں سے ایک اداکار جیکی بھگنانی ہیں جو ’ینگستان‘‘، ’’فالتو‘‘ اور ’عجب غضب لو‘‘ سمیت متعدد فلموں میں اداکاری کرچکے ہیں۔ ان کے علاوہ سابق ماڈل نے جن لوگوں پر الزام لگایا ہے ان میں بالی ووڈ فوٹوگرافر کولسن جولیان، معروف میوزک کمپنی ٹی سیریز کے کرشن کمار، ٹیلنٹ مینجمنٹ کمپنی کے شریک بانی انیربن داس بلاہ، نکھل کمات، شیل گپتا، اجیت ٹھاکر، گروجیوت سنگھ اور وشنو وردھان اندوری شامل ہیں۔
باندرہ پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپیکٹر نے ایف آئی آر درج ہونے کی تصدیق تو کی ہے لیکن انہوں نے اس کیس کے حوالے سے مزید کوئی تفصیلات فراہم کرنے سے فی الحال انکار کردیا ہے۔ اس کے علاوہ سابق ماڈل کی جانب سے جن افراد پر الزام لگایا گیا ہے ابھی تک ان میں سے کسی کی بھی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون نے دعویٰ کیا ہے کہ مبینہ طور پر انہیں جنسی طور پر ہراساں کرنے کے واقعات 2015 سے رونما ہورہے ہیں۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ اداکار جیکی بھگنانی نے خاتون کو باندرا میں ہراساں کیا۔
نکھل کمات نے انہیں سانتا کروز کے ایک ہوٹل میں ہراساں کیا۔ اس کے علاوہ شیل گپتا نے انہیں مبینہ طور پر اندھیری میں واقع ایک بلڈنگ میں 2015 میں جنسی طور پر ہراساں کیا تھا۔ ایف آئی آر کی کاپی میں مزید لکھا ہے کہ فوٹوگرافر کولسن جولیان نے متاثرہ خاتون کو 2014 سے لے کر 2018 تک متعدد بار جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔
ممبئی پولیس کے سینئر آئی پی ایس آفیسر نے بتایا ہے کہ ہم کیس کی تحقیقات کررہے ہیں۔ ہم نے ان تمام ملزمان پر بھارتی تعزیرات ہند(انڈین پینل کوڈ) کی دفعہ 378(این)، 354 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے اور ہم جلد ہی ملزمان سے پوچھ گچھ کریں گے۔یاد رہے کہ بھارتی قوانین جنسی استحصال کا شکار افراد کی شناخت ظاہر کرنے پر پابندی عائد کرتے ہیں۔ اس لیے الزامات لگانے والی سابق ماڈل کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

Back to top button