یقین دلاتا ہوں اب پابندیاں بڑھیں گی نہیں کم ہوں گی
صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ یقین دلاتے ہیں اب پابندیاں بڑھیں گی نہیں کم ہوں گی، غیر مقبول فیصلے شہریوں کی زندگی بچانے کےلیے کیے۔
کراچی چیمبر آف کامرس میں خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ اگر کراچی میں کاروباری سرگرمیاں کم ہوں گی تو سندھ حکومت کو بھی نقصان ہوگا۔ سعید غنی نے کہا کہ اگر کاروبار چھ بجے بند ہوگا تو پولیس کو بھی پیسے لینے کا موقع نہیں ملے گا، لوگ پیسے پولیس کو اور گالیاں ہم کو دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سب لوگ ویکسین کروالیں تو ساری چیزیں کھل جائیں گی، دکاندار لکھ کر لگائیں جو ویکسین نہیں لگوائےگا دکان میں نہیں آئے گا۔ سعید غنی نے کہا کہ کووڈ کی پہلی لہر میں ملک میں کسی کو معلوم نہیں تھا کہ کیا کرنا ہے، 26 فروری کو کورونا کیسز آئے، 27 کو ٹاسک فورس بنائی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ مئی 2020 میں کووڈ سے 385 اموات ہوئیں، عید کے بعد اموات بڑھیں، تیسری لہر میں سندھ سے پہلے پنجاب اور کے پی میں کیسز بڑھے، حالیہ عید الفطر کے ساتویں روز 2000 کیسز بڑھے، اسی وقت فیصلے کئے گئے، سختیوں کی وجہ سے کورونا کیسز کم ہوئے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ آج ٹاسک فورس نے سختیاں کم کرنے کا عندیہ دیا ہے، ری اوپننگ کی طرف جارہے ہیں۔ اس پر مشاورت شروع کررہے ہیں، پہلی لہر میں پابندیاں آہستہ آہستہ ہٹائی گئیں۔