آزاد کشمیر بلدیاتی الیکشن:اپوزیشن آگے، حکمران پی ٹی آئی پیچھے

 آزاد کشمیر میں 31 سال بعد ہونیوالے بلدیاتی انتخابات  کے اب تک غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق اپوزیشن جماعتوں کو برتری حاصل ہے جبکہ حکمران  جماعت تحریک انصاف  پیچھے ہے۔اب تک کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن 14 ، پیپلز پارٹی 10 اور تحریک انصاف 8 نشستوں پر کامیاب ہوسکی ہے ۔

بلدیاتی الیکشن کے لیے پولنگ صبح8 سے شام 5 بجے تک بلاتعطل جاری رہی اور ووٹون کی گنتی کا عمل جاری ہے، سیکیورٹی فورسز کی عدم فراہمی کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات کو ریاست بھر میں تین مراحل میں کروایا جارہا ہے۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کےمطابق پہلے مرحلے میں آج مظفرآباد ڈویژن کے تین اضلاع میں انتخابات کروائے جا رہے ہیں، قبل ازیں مظفرآباد، نیلم اور ضلع جہلم ویلی میں انتخابات کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں تھیں۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ مظفرآباد ڈویژن میں آزاد کشمیر پولیس کے 4500جوان سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے، مظفرآباد ڈویژن میں کل 2716امیدوار مدمقابل ہونگے جن میں براہ راست الیکشن لڑنے والی 31خواتین بھی شامل ہیں۔

آزاد کشمیر  کی مظفرآباد ڈویژن سے 695049 وزٹرز 595کونسلرز کا ووٹ کی پرچی کے ذریعے انتخاب کریں گے، مظفرآباد ضلع مظفرآباد کے 411072، ضلع جہلم ویلی 154832 جبکہ وادی نیلم میں 129145ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے جب کہ بلدیاتی انتخابات میں 900آزاد امیدوار بھی اپنی قسمت آزمانے کے لئے میدان میں موجود ہیں۔سیاسی جماعتوں میں سے تحریک انصاف نے سب سے زیادہ 575امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے، پیپلزپارٹی 545کے ساتھ دوسرے مسلم لیگ ن 465کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ مظفرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے لئے 1314پولنگ اسٹیشن اور 1884پولنگ بوتھ قائم کر دیئے گئے ہیں، پریزائیڈنگ آفیسر،پولنگ آفیسرز سمیت 6966اہلکار انتخابی فرائض کی انجام دہی کے لئے تعینات کئے گئے ہیں تاہم شدید سرد موسم کے باوجود ٹرن آؤٹ جنرل الیکشن سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔

Back to top button