اب ٹوئیٹس دیکھنے کےلیے بھی پیسے دینے ہوں گے؟

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں ہائی پروفائل اکاؤنٹس سے معلومات کے حصول پر سبسکرپشن چارجز لگانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ٹوئٹر نے اپنے سالانہ انویسٹرز اجلاس کے دوران ممکنہ ’نیو سپر فالوز سروس ‘ کا اعلان کیا ہے جو اشتہاراتی اہداف سے ہٹ کر آمدنی کے نئے طریقوں کی تلاش کی جانب ایک قدم ہے۔ ٹوئٹر کے ترجمان کا کہنا ہےکہ سپر فالوز کے ذریعے پبلشرز اور مواد کے تخلیق کاروں کو براہ راست صارفین کا تعاون مل سکے اور اسی فائدے کو دیکھتے ہوئے وہ مزید اچھا مواد تیار کریں گے۔ ٹوئٹر کے ترجمان نے کہا کہ وہ اپنی سروس کے فوائد کا بھی دوبارہ جائزہ لے رہے ہیں اور ایسے طرز عمل کی جانچ بھی کررہے ہیں جو پراڈکٹ فیچر کی حوصلہ افزائی یا ان کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں۔ پریزینٹیشن کے دوران دی گئی وضاحت کے مطابق سپر فالوز کے ذریعے ٹوئٹر صارفین کوننٹینٹ کری ایٹرز کی مالی معاونت کرکے نیوز لیٹر، خصوصی مواد اور حتیٰ کہ ورچوئل بیجز وصول کرپائیں گے۔
خیال رہے کہ ابھی تک ٹوئٹر کی آمدنی کا ذریعہ صرف اشتہارات اور پروموٹڈ پوسٹس ہیں لیکن سپر فالوز کے ذریعے ایک نئی راہ کھلے گی۔ اس حوالے سے اجلاس میں شریک ایک ماہر کیرولینامیلانیسی کا کہنا تھا کہ انہیں نہیں لگتا کہ حاضرین خصوصی مواد کی ادائی پر رضامند ہوں گے، اس طرح کا ماڈل یوٹیوب جیسے پلیٹ فارم پر موجود مواد کےلیے معنی رکھتا ہے لیکن ٹوئٹر کےلیے اس پر مزید غور کرنا ہوگا۔
