اداکارہ عروسہ قریشی کے نئی نویلی دُلہنوں کو مفید مشورے

معروف اداکارہ عروسہ قریشی نے لڑکیوں کو شادی سے قبل فیمنزم والی سوچ صاف کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں پہلے ہی فیصلہ کر لینا چاہئے کہ شادی کے بعد جوتے اُٹھانے ہیں یا نہیں۔عروسہ قریشی نے ندا یاسر کے شو ’’گڈ مارننگ پاکستان‘‘ میں دیگر مہمانوں کے ساتھ شرکت کی، جہاں انہوں نے شادی کی خواہش رکھنے والی لڑکیوں کو شادی کے بعد کی زندگی بہتر بنانے کے مفید مشورے بھی دیئے۔
پروگرام میں جہاں تین ماہر خواتین کو نئی لڑکیوں کو مفید تجاویز دینے کے لیے مدعو کیا گیا تھا، وہیں تین نئی نویلی فرضی دلہنوں کو بھی بلایا گیا تھا، جنہیں ماہر خواتین نے شادی کے بعد خوشگوار زندگی گزارنے کے طریقے بتائے۔اداکارہ عروسہ قریشی نے نئی نویلی فرضی دلہنوں کو نئے گھر جاکر سسرال والوں کو عزت دینے اور بدلے میں عزت لینے کی مفید تجاویز دیں اور بتایا کہ یہ پرانا اصول ہے کہ عزت کے بدلے ہی عزت ملتی ہے۔
انہوں نے نئی نویلی فرضی دُلہنوں سے مخاطب ہوتے ہوئے انہیں بتایا کہ وہ شادی کے بعد ایک نئے گھر میں جائیں گی، جس طرح کوئی بھی بچہ نئے سکول جاتا ہے تو پہلے ہی دن ہر چیز نہیں سیکھ پاتا، اسی طرح لڑکیاں بھی شادی کے بعد نئے گھر جاکر پہلے دن سب کچھ نہیں سیکھ پاتیں۔
عروسہ قریشی نے لڑکیوں کو کہا کہ جس طرح سکول میں سیکھنے کی کوشش کی جاتی ہے، اسی طرح نئے گھر میں جا کر وہاں کی چیزیں سیکھنے کی کوشش کریں، اداکارہ نے اس بات پر زور دیا کہ دراصل لڑکیوں کی شادی کے بعد ان کے والدین کی تربیت کا اندازہ ہوتا ہے اور لڑکیوں کے نئے گھر میں لائف اینڈ سٹائل سے معلوم ہوتا ہے کہ والدین نے ان کی کیسی تربیت کی ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد ہی معلوم ہوتا ہے کہ لڑکیوں کی والدین نے کس طرح تربیت کی ہے اور انہیں کیا سمجھایا گیا ہے کہ شادی کے بعد نئے گھر جا کر کسی کو مار کر آنا ہے یا مر کر آنا ہے؟انہوں نے نئی نویلی فرضی دلہنوں کو سمجھایا کہ انہیں شادی سے قبل ہی اس بات کا فیصلہ کرلینا چاہئیے کہ انہیں شادی کے بعد جوتے اٹھانے ہیں کہ نہیں، انہیں کھانا پکانا ہے کہ نہیں اور یہ کہ انہیں ساس کو چائے دینی ہے کہ نہیں۔
اداکارہ نے لڑکیوں پر اس بات کا زور دیا کہ وہ نئے گھر جاکر دوسروں کو عزت دینا نہ چھوڑیں، کیوںکہ عزت دینے کا فائدہ ہی ہوتا ہے اور دوسرے لوگوں کو ایک دن یہ معلوم ہو جاتا ہے کہ انہیں عزت دی جا رہی ہے۔ عروسہ قریشی کے مطابق دیر یا جلد دوسرے لوگوں کو علم ہوجاتا ہے کہ انہیں عزت دی جا رہی ہے، بعض اوقات عزت دینے والے کی موت کے بعد بھی دوسروں کو علم ہوجاتا ہے کہ وہ عزت دینے والا شخص تھا۔
عروسہ قریشی نے اپنی شادی شدہ زندگی کی مثال پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی ساس اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں جب کہ وہ خود گریجویٹ ہیں اور شادی کے بعد انہوں نے ساس سے بہت کچھ سیکھا اور ان کے شوہر کی والدہ نے انہیں ہمیشہ ہر بات سکھائی اور کبھی بُرا نہیں منایا، عروسہ قریشی کی جانب سے لڑکیوں کو شادی سے قبل فیمنزم کو سمجھنے اور انہیں مفید مشورے دیئے جانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور لوگوں نے اس پر دلچسپ رد عمل کا اظہار بھی کیا۔
