فلم ’’ان فلیمز‘‘ کو کانز فیسٹیول کیلئے منتخب کر لیا گیا

کینیڈین نژاد پاکستانی پروڈیوسر ضرار خان کی فلم ’’ان فلیمز‘‘ کو انٹرنیشنل کانز فلم فیسٹیول کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے، فلم کو 19 اور 20 مئی کو ڈائریکٹرز فورٹ نائٹ میں پیش کیا جائے گا، شوبز ویب سائٹ ’ورائٹی‘ کے مطابق کانز فیسٹیول میں ’ڈائریکٹرز فورٹ نائٹ کے دوران ہدایت کاروں کی پسندیدہ فلموں کی خصوصی نمائش کی جاتی ہے۔
’ان فلیمز‘ کی کہانی ماں اور بیٹی کے گرد گھومتی ہے جو گھر کے مرد سرپرست کی موت کے بعد زندگی کو آگے بڑھانے کے دوران مشکلات اور مسائل کا سامنا کرتی ہیں۔ فلم میں کوئی بھی گلیمر یا گانا موجود نہیں، اس کی کہانی انتہائی سادہ مگر آرٹ سے بھرپور رکھی گئی ہے جو دیکھنے والوں کو اپنے ساتھ جڑے رہنے پر مجبور کرتی ہے۔
فلم کی کہانی بھی ضرار خان نے لکھی ہے اور انہوں نے ہی اس کی ہدایات دی ہیں، فلم کی مکمل شوٹنگ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ہوئی اور اس کی کاسٹ میں شامل زیادہ اداکار بھی سندھ سے تعلق رکھتے ہیں۔
فلم کی مرکزی اداکارہ بختاور مظہر پلیجو ہیں جوکہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینیٹر اور سابق وزیر ثقافت سندھ سسی پلیجو کی بہن ہیں۔’ان فلیمز‘ فلم کے آفیشل انسٹا گرام پیج کی پوسٹ میں بتایا گیا کہ فلم کو 19 اور 20 مئی کو کانز فلم میں نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔’’ان فلیمز‘‘ کو تاحال پاکستان سمیت کسی دوسرے ملک میں بڑے پردے پر ریلیز نہیں کیا گیا، تاہم اسے فلم فیسٹیول میں پیش کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔
کانز فلم فیسٹیول کے 76ویں میلے میں یہ مسلسل دوسری فلم ہے جس کے مرکزی اداکاروں کا تعلق سندھ سے ہے۔گزشتہ برس 75ویں فلم فیسٹیول میں پیش کی گئی پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ کے مرکزی اداکار علی جونیجو کا تعلق بھی سندھ سے تھا اور وہ پہلے سندھی اداکار تھے، جن کی فلم کو دنیا کے سب سے بڑے فلمی میلے میں پیش کیا گیا تھا۔
اس سال بختاور مظہر پلیجو پہلی سندھی اداکارہ بن گئیں جن کی فلم کو کانز کے لیے منتخب کیا گیا ہے اگرچہ جوائے لینڈ اور ان فلیمز سے قبل بھی کانز فلم فیسٹیول میں پاکستانی فلموں کو پیش کیا جا چکا ہے، تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ میلے میں سندھ کے چھوٹے شہر ٹھٹہ سے تعلق رکھنے والی اداکارہ کی فلم کو منتخب کیا گیا۔
’انڈیپینڈنٹ اردو‘ کے مطابق بختار مظہر پلیجو سینیٹر سسی پلیجو کی بہن ہیں، جنہوں نے کراچی اور لندن کے ’نیشنل پرفارمنگ آرٹ‘ (ناپا) سے تھیٹر اور فلم کی تعلیم حاصل کی، بختاور مظہر پلیجو تھیٹرز اور آرٹ فلموں میں کام کرتی رہی ہیں، تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ ان کی فلم کو کانز فیسٹیول میں پیش کیا جا رہا ہے۔
اداکارہ نے کانز فلم فیسٹیول میں اپنی فلم کی نمائش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ دنیا کے قدیم ترین فلمی میلے میں ان کی فلم کو پیش کیے جانے پر ان کے اہل خانہ بھی بہت خوش ہیں۔

Back to top button