اداکارہ میرا کیرئیر کے پہلے اشتہار میں شرمندہ کیسے ہوئی؟

معروف پاکستانی اداکارہ میرا نے انکشاف کیا ہے کہ بچپن میں بڑی عمر کی لگتی تھی یعنی 9 برس کی عمر میں 20 برس کی دکھائی دیتی تھی، اس دوران اپنا پہلا اشتہار کیا تو مجھے اس سے نکال دیا گیا تھا۔لالی وڈ کی کونٹرورسی کوئین کہلائی جانے والی میرا جی نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کیریئر میں ہونے والے تنازعات اور دیگر سے متعلق بات کی۔
میرا نے کہا کہ انہوں نے بہت چھوٹی عمر سے ہی شوبز انڈسٹری میں قدم رکھ دیا تھا، میں نے 9 سال کی عمر میں پہلا اشتہار کیا تھا، اصل میں یہ بچوں کا اشتہار تھا جس کے لیے میری تصاویر لی گئیں، لیکن جب شوٹنگ مکمل ہوئی اور اشتہار نشر ہوا تو میں کہیں نظر نہیں آ رہی تھی۔اداکارہ نے کہا کہ اشتہار سے نکالنے کی وجہ یہ تھی کہ چہرے کے خدوخال کی وجہ سے کیمرا کے سامنے 9 سال کی عمر میں 20 سال کی نظر آ رہی تھی، بعدازاں اشتہار میں میرا کردار کسی اور کو دے دیا گیا تھا۔
کیرئیر کے دوران تنازعات پر بات کرتے ہوئے میرا نے ہنستے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ کسی نہ کسی وجہ سے میڈیا کی زینت بنی رہتی ہوں، اب لگتا ہے کہ مجھے کوئی ایکشن فلم کرنی چاہئے، میرے حوالے سے میڈیا پر بہت سی خبریں گردش کرتی رہتی ہیں، شاید یہ ’میرا‘ ہونے کی سزا ہے۔
بھارت میں کام کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ بھارتی فلمساز مہیش بھٹ کی فلم ’شہرت‘ میں کام کرنے والی تھی لیکن پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی وجہ سے کام رُک گیا تھا، اس فلم کو شگفتہ رفیق نے تحریر کیا تھا۔
میرا نے کہا کہ یہ میری زندگی کی بہترین فلم بننے جا رہی تھی، لیکن دونوں ممالک کے سیاسی تنازعات کی وجہ سے ایسا نہ ہوسکا، بھارتی اداکارہ ریکھا اور مادھوری ڈکشت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں بہترین اداکارائیں ہیں اور وہ انہیں بے حد پسند کرتی ہیں۔
میرا نے کہا کہ ریکھا جی نے مجھے بہت متاثر کیا ہے، وہ میرے لیے مثالی شخصیت ہیں، ریکھا جی اور مادھوری ڈکشت بہترین اداکارائیں ہیں، ریکھا کی فلمیں، گانے سمیت ان کی ہر چیز مجھے بے حد پسند ہے، مجھے مادھوری ڈکشت کا رقص بے حد پسند ہے، میں مادھوری جیسی ڈانسر بننا چاہتی ہوں، جس طرح وہ رقص کرتی ہیں میں بھی ویسا ہی کرنا چاہتی ہوں۔
واضح رہے کہ اداکارہ میرا نے 8 سال قبل بالی ووڈ کی اپنی پہلی ’نظر‘ میں کام کیا تھا جس کے بعد انہوں نے پاکستان سمیت بھارت میں پذیرائی حاصل کی، اس دوران وہ کئی تنازعات کا شکار بھی رہیں۔
فروری 2023 میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ 1972 کی بلاک بسٹر فلم ’’پاکیزہ‘‘ کا پاکستانی ری میک بننے جا رہا ہے، اداکارہ میرا نے انکشاف کیا تھا کہ وہ فلم ’’پاکیزہ‘‘ کے سیکوئل میں مینا کماری کا مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔
