نیلم جہلم ہائیڈرو پاور کمپنی”سفیدہاتھی“بن گئی

نیلم جہلم ہائیڈرو پاور کمپنی”سفیدہاتھی“بن گئی۔آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں نیلم جہلم ہائیڈرو پاور کمپنی کو 29 ارب 41 کروڑ روپے سے زائد خسارے کا انکشاف سامنےآگیا۔

آڈیٹرجنرل کی رپورٹ کے مطابق پاور ہاؤس بند ہونے سے پراجیکٹ کو 99 ارب 17 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، ہیڈ ریس اور ٹیل ریس ٹنل کے بار بار گرنے کی تحقیقات بھی مکمل نہ ہوسکیں۔

رپورٹ کے مطابق نیلم جہلم ہائیڈرو پاور کمپنی کی مالی کارکردگی 23-2022 سے تنزلی کا شکار ہے، ٹیل ریس ٹنل گرنے سے جولائی 2022 سے اگست 2023 تک بجلی پیداوار مکمل معطل رہی۔

آڈیٹرجنرل کی رپورٹ کے مطابق ہیڈریس ٹنل گرنے کے بعد یکم مئی 2024 سے پاور ہاؤس بند ہے، دونوں ٹنلز کی مرمت اور بحالی پر اضافی اخراجات نے مالی بوجھ مزید بڑھا دیا ہے، نیپرا سے ریفرنس ٹیرف کی منظوری نہ ملنے پر منصوبہ مالی مشکلات کا شکار ہے۔

حادثات سے ہونے والے نقصانات پر انشورنس کلیمز بھی حاصل نہ کیے جا سکے۔ آڈیٹر جنرل نے زیرِ التوا تحقیقات مکمل کرکے پاور ہاؤس بحال کرنے کی سفارش کی ہے۔

Back to top button