خلیجی ممالک کی ایرانی حملوں کی شدید مذمت

 

 

 

 

ایران کی جانب سے خلیجی ممالک میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، جب کہ سعودی عرب سمیت متعدد خلیجی ممالک نے ایرانی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں ایران کے حالیہ حملوں اور تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتےہوئے کہا گیا ہےکہ ایرانی کارروائیاں بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے منشور کے منافی ہیں۔ ایرانی حملے سمندری راستوں کی سلامتی اور جہازرانی کی آزادی کےلیے سنگین خطرہ ہیں۔

قطر نے بھی اپنے علاقے اور دیگر عرب ممالک پر ایرانی حملوں کی مذمت کرتےہوئے کہا ہے کہ یہ کارروائیاں علاقائی سلامتی اور استحکام کےلیے خطرہ ہیں۔

کویت نے بھی ایران کی جانب سے کیے گئے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔کویتی وزارت خارجہ کے مطابق ایرانی حملے خطے میں کشیدگی اور عدم استحکام میں مزید اضافہ کریں گے۔

 

کویتی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہاکہ ایرانی حملے علاقائی امن، سلامتی اور سفارتی کوششوں کےلیے سنگین خطرہ ہیں، جب کہ کویت کو اپنی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کےلیے ہر ضروری اقدام کا حق حاصل ہے۔

ایران کے خلیجی ممالک میں امریکی اہداف پر حملوں کا سلسلہ جاری

یاد رہے کہ ایران نے خلیجی ممالک میں قائم امریکی فوجی تنصیبات اور اڈوں پر میزائل اور ڈرون حملے کرنے کا اعلان کرتےہوئے کہا تھاکہ یہ کارروائیاں حالیہ امریکی فضائی حملوں کے جواب میں کی گئی ہیں۔

ایرانی حکام کےمطابق قطر، بحرین، کویت، متحدہ عرب امارات اور اردن میں موجود امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جب کہ بعض حملوں میں فضائی دفاعی نظام اور فوجی تنصیبات بھی ہدف رہیں۔

 

Back to top button