اداکار عامر خان کو زندگی میں کونسا پچھتاوا ستا رہا ہے؟

فلم انڈسٹری میں عزت، شہرت اور دولت کمانے کے باوجود بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان اپنی زندگی سے مطمئن نہیں، بالی ووڈ سٹار کے مطابق انہیں اس بات کا ہمیشہ افسوس رہتا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو وقت نہیں دے پائے ہیں۔
عامر خان نے بتایا کہ جب بھی میں زندگی میں پیچھے مڑ کر دیکھتا ہوں تو سوچتا ہوں کاش میں نے اپنے بچوں آئرہ اور جنید کے ساتھ زیادہ وقت گزارا ہوتا، چاہے اس کے لئے مجھے کام پر سمجھوتہ ہی کیوں نہ کرنا پڑتا، لیکن تب میرا کام میرا جنون تھا، عامر کی اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے کرینہ کپور کا کہنا تھا کہ اپنے بچوں کیساتھ وقت گزارنا بہت اہم ہوتا ہے اور وہ بھی اس بات کو سمجھ سکتی ہیں کہ سیف کے لیے اپنے چاروں بچوں کیلئے یکساں وقت دینا کتنا اہم ہے۔
معروف شو ’’کافی ود کرن‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے کرن جوہر سے کہا کہ آپ کے شو میں کسی نہ کسی کی بے عزتی ہوتی ہے، کوئی نہ کوئی روتا ہی ہے اور کسی نے کسی کا دل دُکھتا ہے، آپ تو سب کے کپڑے اتارتے رہتے ہیں، جب کرینہ سے پوچھا گیا کہ اُنھیں عامر کی کون سی بات ناپسند ہے تو ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک فلم بنانے میں سال سے دو سال لیتے ہیں جبکہ اکشے کمار 30 دن میں ایک فلم ختم کر دیتے ہیں۔
یاد رہے کہ عامر اور کرینہ کپور اپنی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں۔ دوسری جانب اس فلم کے بائیکاٹ کی مہم سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہی ہے، لیکن بہت سارے لوگ فلم کی حمایت میں بھی آگے آ رہے ہیں۔ سناتن وادی نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’لال سنگھ چڈھا کو چھوڑو اور اصلی ’فاریسٹ گمپ‘ دیکھو جبکہ دھرو نامی ایک صارف نے لکھا کہ ’بلا وجہ فلموں کے بائیکاٹ کا کلچر انڈیا میں عام ہوتا جا رہا ہے۔
ہر چیز کا بائیکاٹ، اب تو ہنسی آنے لگی ہے، مجھے یقین ہے کہ یہ فلم اچھی ہوگی اور میں اسے ضرور دیکھوں گا۔ ایسے میں کنگنا رناوت کیسے خاموش رہ سکتی ہیں، اداکارہ نے بھی سوشل میڈیا پر پوسٹ لگائی کہ ’میرے خیال میں اس فلم بارے جو بھی تنازعہ ہے اسکے ماسٹر مائنڈ عامر خان خود ہیں اور انہوں نے بڑی مہارت اور چالاکی کے یہ تنازعہ پیدا کیا ہے۔ اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’ہندی فلموں کو آڈیئینس کی نبض پکڑنی ہوگی، اس معاملے کو ہندو یا مسلم نظریے سے نہ جوڑیں کیونکہ عامر خان نے ہندو مخالف فلم ’پی کے‘ بھی بنائی تھی اور انڈیا کو برداشت سے عاری لوگوں کا معاشرہ بھی قرار دیا تھا۔ پھر بھی لوگوں نے اس فلم کو پسند کیا اور فلم ہٹ رہی۔
