ہم جنس پرستی پر پاکستانی فلم ’’جوائے لینڈ‘‘ کی ایک اور کامیابی

ہم جنس پرستی اور مخنث افراد کی کہانی پر مبنی پاکستانی فلم ’’جوائے لینڈ‘‘ کو مزید دو عالمی ایوارڈز کے لیے منتخب کر لیا گیا ہے۔جوائے لینڈ’ کی کہانی ایک ایسے نوجوان اور مخنث ڈانسر کے گرد گھومتی ہے جو ڈانس کلب میں کام کرنے کے دوران ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو جاتے ہیں۔
ہدایت کار صائم صادق کی اس فلم کو رواں برس مئی میں جرمنی میں ہونے والے ’کانز فلم فیسٹیول‘ میں بھی پیش کیا گیا تھا، جہاں اس نے اعلیٰ ترین ایوارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔ جوائے لینڈ‘ کو کانز: کوئیر پام’ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جوکہ خصوصی طور پر ہم جنس پرست یا پھر مخنث افراد کی کہانیوں پر مبنی فلموں کو دیا جاتا ہے۔ جوائے لینڈ’ پہلی پاکستانی فلم تھی، جس نے ‘کوئیر پام’ ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ کانز کے بعد اسی فلم کو اب مزید دو عالمی فلم فیسٹیولز میں پیش کیا جائے گا، جہاں اس کا مقابلہ دیگر ممالک کی فلموں سے ہوگا۔
ہدایت کار صائم صادق نے اپنی انسٹا گرام پوسٹ میں بتایا کہ ان کی فلم کو آئندہ ماہ ستمبر میں کینیڈا میں ہونے والے شہرت یافتہ ’ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹول‘ میں بھی پیش کیا جائے گا۔ ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں پہلے بھی کئی پاکستانی فلمیں پیش کی جا چکی ہیں اور اب ’جوائے لینڈ‘ کی نمائش بھی وہاں کی جائے گی مگر وہاں اس کا مقابلہ کسی فلم سے نہیں ہوگا۔ٹورنٹو فلم فیسٹیول کے علاوہ رواں ماہ ’جوائے لینڈ‘ کو آسٹریلیا میں ہونے والے فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا جائے گا، جہاں اس کا مقابلہ متعدد ممالک کی فلموں سے ہوگا۔ ’جوائے لینڈ‘ کو ’انڈین فلم فسیٹول آف میلبورن‘ کے لیے بھی منتخب کرلیا گیا ہے جہاں اس کا مقابلہ خطے کی دیگر فلموں سے ہوگا، فلم کا مقابلہ بھارت، سری لنکا، بھوٹان، بنگلہ دیش اور نیپال سمیت خطے کی دیگر فلموں سے ہوگا۔
فیسٹیول کا انعقاد رواں ماہ اگست کے آخر میں ہوگا اور خیال کیا جا رہا ہے کہ غیر ملکی فلم کی کیٹیگری میں پاکستانی فلم ایوارڈ جیت جائے گی، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ فلم کو کہانی کے اچھوتے موضوع کی وجہ سے کافی سراہا گیا اور پاکستان جیسے معاشرے میں معیوب سمجھے جانے والے موضوع پر فلم بنانے کی وجہ سے ہی اسے عالمی فسیٹیولز کے لیے منتخب کیا جا رہا ہے۔
صائم صادق نے ایک انٹرویو میں اس فلم کو پاکستان میں بھی ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ موسم سرما تک ’جوائے لینڈ‘ کو ملک میں پیش کردیا جائے گا۔
