اداکار عامر خان کے والد نے سوتیلی بہن جیا خان کی حقیقت بتا دی

https://youtu.be/dw5LB1Z5Gyg

بالی ووڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے والد نے سوشل میڈیا پر جیا خان کے سوتیلی بہن ہونے کی افواہیں پھیلائے جانے پر انکشاف کیا کہ آنجہانی اداکارہ جیا خان کی والدہ میری اچھی دوست ضرور تھیں لیکن میرے ان سے کسی قسم کے کوئی تعلقات نہیں تھے، انھوں نے امریکہ میں کسی پاکستانی شخص سے شادی کی تھی۔
بالی ووڈ کی متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی جیا خان خوبرو اور بہترین اداکارہ تھیں، مرنے سے پہلے انہوں نے عامر خان کی فلم گجنی‘ میں بھی کام کیا تھا جس کے بعد یہ افواہیں پھیلنے لگیں کہ جیا خان عامر خان کی سوتیلی بہن ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ’گجنی‘ فلم کی ریلیز کے دوران یہ افواہیں ہر جگہ گردش کرنے لگی تھیں کہ جیا خان مشہور اداکار عامر خان کی سوتیلی بہن ہیں، مختلف میڈیا رپورٹس میں یہ افواہیں بھی مسلسل سامنے آتی رہیں کہ عامر خان کے والد طاہر حسین کے جیا خان کی والدہ رابعہ امین کے ساتھ خفیہ تعلقات تھے۔
تاہم طاہر حسین نے خاموشی توڑتے ہوئے میڈیا پر چلنے والی ایسی تمام افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ جیا خان کی والدہ رابعہ امین میری بہت اچھی دوست ہیں، جہاں تک میرے علم میں ہے ان کی شادی امریکا میں مقیم کسی پاکستانی شخص کے ساتھ ہوئی، ان کا کہنا تھا کہ میرا رابعہ امین کے ساتھ صرف دوستی کا تعلق رہا، میری ان سے شادی نہیں ہوئی اور نہ ہی جیا میری بیٹی ہے۔
اس سے قبل متعدد بار جیا خان نے بھی میڈیا کے سامنے ان الزامات کو مسترد کیا تھا، مرنے سے پہلے بھی انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ یہ ایک بے ہودہ اور جھوٹی افواہ ہے، سچ یہ ہے کہ میں اپنے والد کے بارے میں اتنا نہیں جانتی اور نہ ہی کبھی اپنی ماں سے اس بارے میں جاننے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ میں صرف یہ جانتی ہوں کہ میری ماں نے کسی امریکی شہری سے شادی کی تھی جو امریکا ہی میں مقیم تھا، اس سے زیادہ مجھے اس شخص کے متعلق کوئی علم نہیں ہے۔
واضح رہے کہ 3 جون 2013 کو اداکارہ جیا خان نے ممبئی کے مضافات میں واقع اپنے گھر میں گلے میں پھندا ڈال کر خودکشی کر لی تھی جس وقت انہوں نے خودکشی کی تھی اس وقت وہ گھر میں اکیلی تھیں۔
اداکارہ کی موت کے بعد اُن کی بہن کو کمرے سے چھ صفحات پر مشتمل ایک خط ملا تھا جس میں جیا اور ان کے بوائے فرینڈ سورج پنچولی کے درمیان تلخی کا ذکر تھا۔اس خط کی بنیاد پر سورج پنچولی کو اداکارہ کو خودکشی پر اُکسانے کے الزام میں ممبئی پولیس نے گرفتار کر لیا تھا جس کے بعد وہ یکم جولائی 2013 کو ممبئی کی ہائی کورٹ سے ضمانت پر رہا ہو گئے تھے۔

Back to top button