’’ایلون مسک کی بھارت میں شادی کے چرچے‘‘

دنیا کی امیر ترین شخصیت ایلون مسک کی بھارت میں شادی کے خوب چرچے ہیں، اس حوالے سے اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کی گئی ایلون مسک کی بھارتی دُولہوں کے لباس میں خصوصی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہیں۔
ایلون مسک کی ایسی تصویریں سامنے آئی ہیں جن میں وہ دولہا بنے مسکرا رہے ہیں اور لگ رہا ہے کہ جیسے انہوں نے کسی مشرقی ملک خصوصاً پاکستان یا انڈیا میں شادی کر لی ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک فوٹو گرافر کے اکاؤنٹ سے شیئر ہونے والی تصویروں پر غور کیا جائے تو ایلون مسک ایک میں شیروانی پہنے اور گلے میں مفلر لٹکائے مسکراتے دکھائی دے رہے ہیں تو دوسری میں روایتی دُولہے کی طرح گھوڑے پر سوار ہیں۔
ایک تصویر میں وہ بارات کے لیے تیاری کرتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ ایک میں چشمہ لگائے اور ہاتھ پھیلائے ایسے دکھائی دے رہے ہیں جیسے مہمانوں کا استقبال کرنے کے لیے آگے بڑھ رہے ہوں جبکہ ایک جگہ روایتی انداز میں رقص کرتے ہوئے بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔
ان تصویروں کی خاص بات یہ ہے کہ پس منظر میں نظر آنے والے لوگ بھی خالص مشرقی یعنی پاکستان یا انڈیا کے لگ رہے ہیں، ان تصاویر کے سامنے آنے کی دیر تھی کہ ایک دفعہ تو انٹرنیٹ صارفین بھی حیران رہ گئے۔
ویسے تو تصویریں بالکل اصلی لگ رہی ہیں تاہم حقیقت اس سے کچھ مختلف مگر خاصی دلچسپ ہے، فوٹو گرافر نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ’جب میرے خیالوں میں ایلون مسک کی انڈین شادی ہوئی۔
فوٹوگرافر نے مزید لکھا کہ ایک وقت تھا جب ہم اپنے خیالات کو کاغذ پر پینٹ کیا کرتے تھے اور اب کمپیوٹر یا مصنوعی ذہانت کے ذریعے ان کو حقیقت کا روپ دیتے ہیں، فوٹو گرافر کی اس پوسٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ ایلون مسک نے نہ تو شادی کی ہے اور نہ یہ تصاویر کسی مشرقی ملک کی ہیں بلکہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے تخلیق کی گئی ہیں۔
فوٹوگرافر نے مزید لکھا ہمیں خوشی ہے کہ ایسے وقت میں جی رہے ہیں اور ممکنہ تبدیلیوں کا حصہ بن رہے ہیں، پتہ نہیں یہ اچھا ہے یا بُرا، مگر یہ ہو رہا ہے، آخر میں انہوں نے لکھا ’دنیا بدل رہی ہے اور بہت تیزی سے۔
صارفین نے تصاویر بنانے والے کو سراہا ہے اور ساتھ ہی ایلون مسک کو دُولہا کے روپ میں دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا ہے، ایک صارف نے لکھا کہ میں تو یہی سمجھا کہ یہ اصلی ہیں، ایک اور صارف کے مطابق مجھے ابھی تک یقین نہیں آ رہا کہ یہ کسی ٹیکنالوجی مدد سے بنائی گئی ہیں، اسی طرح ایک صارف نے پرانے گانے کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ میرا یار بنا ہے دولہا اور پھول کھلے ہیں دل کے۔
