’’اداکارہ علینہ نے مس ٹرانس پاکستان 2023 کا اعزاز حاصل کرلیا‘‘

پاکستان کی ٹرانس کمیونٹی پر مبنی فلم ’’جوائے لینڈ‘‘ میں صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والی اداکارہ علینہ نے مس ٹرانس پاکستان 2023 کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے، اداکارہ کے مطابق ٹرانس کمیونٹی کے سامنے مس ٹرانس کا تاج پہننا بہت اچھا لگا کیونکہ یہ پلیٹ فارم ہماری آواز ہیں جس کے ذریعے ہم اپنی نمائندگی دنیا کے سامنے کرتے ہیں، یہ اعزاز حاصل کرنے کے بعد مجھے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔
علینہ خان نے انسٹاگرام پر اپنی تصاویر شئیر کرتے ہوئے کیپشن پر لکھا کہ 31 مئی 2023 ایک یادگار رات ہے، جہاں مجھے تاج پہنایا گیا، یہ میری زندگی کا بہترین لمحہ تھا، مجھے مس ٹرانس پاکستان 2023 کا ٹائٹل ملا ہے۔
اداکارہ نے اپنے تجربے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے ساتھ مختلف کیٹیگریز میں حصہ لینے والی دیگر خواتین بھی موجود تھیں اور میں صرف ٹرانس کمیونٹی کی نمائندگی کر رہی تھی، مس ٹرانس پاکستان کا ٹائٹل حاصل کر کے اپنے کمیونٹی کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔
مس ٹرانس پاکستان کا انعقاد پہلی بار 2021 میں سونیا احمد نے کیا تھا اور پہلی بار شریا رائے کو مس ٹرانس پاکستان کا تاج پہنایا گیا تھا، یہ ملک میں ٹرانس جینڈر خواتین کے لیے منعقد کیا گیا پہلا مقابلہ ہے اور اس پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستانی ٹرانس جینڈر خواتین بیرون ملک جاکر اپنے ملک کی نمائندگی بھی کر سکتی ہیں۔
علینہ خان نے بتایا کہ یہ مقابلہ بین الاقوامی مقابلوں کی طرح کام کرتا ہے، ایک بار جب آپ نے ویب سائٹ کے ذریعے اپلائی کرلیا تو ادارہ آپ سے ایک پروفیشنل فوٹوشوت کے لیے درخواست کرتا ہے، فوٹو شوٹ کے بعد انٹرویو ہوتا ہے اور پھر آپ کے انتخاب کے حوالے سے فیصلہ ہوتا ہے، یہ تقریب لاہور میں منعقد ہوتی ہے۔
رواں سال یہ تقریب ایک روز قبل (31 مئی)کو منعقد ہوئی جہاں مس پاکستان، مسز پاکستان، مس ٹرانس پاکستان، مس پاکستان اوورسیز، مس پاکستان یونیورسل، مس پاکستان گلوبل، مس پاکستان یونیورس اور مس پاکستان سپریم کا انتخاب کیا گیا۔
یاد رہے کہ عالمی سطح پر خوب پذیرائی سمیٹنے والی ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلم ’جوائے لینڈ‘ میں پاکستانی کی پہلی ٹرانس اداکارہ علینہ خان نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، یہ فلم نومبر 2022 کو ملک بھر میں ریلیز ہوئی تھی۔
صائم صادق کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم جوائے لینڈ کی کہانی میں پاکستان میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے مسائل کو اُجاگر کیا گیا ہے، ملکی تاریخ میں پہلی بار اس فلم میں ایک ٹرانس ویمن (علینہ خان) نے مرکزی کردار ادا کیا تھا جسے عالمی سطح پر خوب پذیرائی ملی، اس فلم میں لاہور کے محنت کش طبقے کے ایک شادی شدہ مرد اور ایک خواجہ سرا (ٹرانس جینڈر) کے درمیان بڑھتے ہوئے رشتے کو دکھایا گیا ہے۔
