اداکار علی گل ملاح کی بیوی انہیں کیا پکارتی ہیں؟

ڈرامہ سیریل ’’عشق مرشد‘‘ میں ’’بھلے‘‘ کے ڈائیلاگ سے مقبولیت حاصل کرنے والے اداکار علی گل ملاح نے انکشاف کیا کہ گھر میں ان کی اہلیہ بھی انہیں ’’بھلے‘‘ کہہ کر مخاطب کرتی ہیں۔کندھ کوٹ سے تعلق رکھنے والے علی گل ملاح نے ہم ٹی وی پر نشر ہونے والے اس ڈرامے میں فضل بخش کا کردار ادا کیا ہے، جو ہیرو شاہ میر سکندر (بلال عباس) کا دوست ہے اور ہر بات پر سندھی زبان میں لفظ ’بھلے‘ بولتا ہے، جس کا مطلب ہے ٹھیک ہے۔انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں علی گل ملاح نے اپنے کیریئر، مشکلات اور ڈرامے میں کردار کے باعث ملنے والی مقبولیت کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔انہوں نے بتایا کہ انہیں بچپن سے اداکاری کا شوق تھا مگر میں نے بہت مشکل زندگی گزاری ہے۔ ایک بار غربت سے تنگ آکر وہ ٹرین کے نیچے لیٹ کر اپنی جان لینا چاہتے تھے، لیکن ایک دوست نے یہ کہہ کر خودکشی سے روک دیا کہ انہوں نے ڈرامے کا سکرپٹ لکھا ہے، جس میں انہوں نے اداکاری کرنی ہے، جس کے بعد انہوں نے وہ ڈراما لکھوایا اور اس میں کام کیا۔علی گل ملاح نے ڈراما ’عشق مرشد‘ کے حوالے سے بتایا کہ انہیں اس ڈرامے میں صرف چند اقساط میں اداکاری کرنی تھی، لیکن پھر کایا پلٹ گئی۔کردار کی مقبولیت کے باعث میں اب تمام اقساط میں اداکاری کروں گا اور ڈرامے کے آخر تک ہیرو، ہیروئن کے ساتھ مرکزی کرادار ادا کرتا رہوں گا۔علی گل ملاح کے مطابق ڈراما ’عشق مرشد‘ کے بعد ان کی مقبولیت میں سو گنا اضافہ ہوگیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ڈرامے کے باعث انہیں اتنی شہرت ملی کہ اب پڑوس میں کوئی مہمان آجائے تو وہ انہیں نیند سے جگا کر چھوٹے بچے گود میں دے کر تصاویر بنوانے آ جاتے ہیں۔علی گل ملاح نے تھیٹر اور سٹیج کے علاوہ سندھی زبان کے مختلف ٹی وی چینلوں پر بھی کام کیا ہے۔ سندھی اور اردو میڈیا میں فرق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’اردو میڈیا پروفیشنل اور قومی سطح کا پلیٹ فارم ہے، جہاں کام کرکے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ ’سندھی کمیونٹی کے لوگ مجھ سے بہت محبت کرتے ہیں اور کہیں جاؤں تو ویسے ہی عزت دیتے تھے جیسے کہ کوئی بہت بڑا فنکارہو۔علی گل ملاح نے بے پناہ محبت دینے پر لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بیرون ملک بھی لوگ پہنچاننے لگے ہیں اور سراہتے ہیں۔
