وسیم بادامی رمضان ٹرانسمیشن پر تنقید کی زد میں کیوں آگئے؟

معروف میزبان وسیم بادامی چائلڈ سٹار محمد شیراز کو رمضان ٹرانسمیشن میں مدعو کرنے پر شدید تنقید کی زد میں آگئے، اداکارہ مشی خان نے بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا بعدازاں سوشل میڈیا صارفین کے سخت ردعمل کے بعد وسیم بادامی نے بھی وضاحت کر دی، مارننگ شوز ہوں یا رمضان ٹرانسمیشنز، تفریحی پروگراموں میں بچوں کو شامل کرنے کا رجحان عام ہو گیا ہے، سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ بچوں کو شامل کرنے کا بنیادی مقصد وائرل کانٹینٹ میں اضافہ کرنا یا صرف ویوز حاصل کرنا ہے۔شان رمضان اور جیتو پاکستان جیسے شوز میں بچے عام طور پر میزبانی کرتے یا دوسرے مقابلوں میں حصہ لیتے ہیں اور ہنسی مذاق بھی کرتے ہیں، کچھ صارفین بچوں کو رمضان ٹرانسمیشن میں شامل کرنے کی حمایت کرتے ہیں تو کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ اس طرح بچوں کی معصومیت اور ان سے ان کا بچپن چھینا جا رہا ہے، اداکارہ مشی خان نے چائلڈ سٹار احمد شاہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پہلے احمد شاہ کی معصومیت اور بچپن چھین لیا گیا ، کسی کو تو چھوڑ دیں اور معصوم رہنے دیں، اپنی محنت سے مشہور ہونے والے بچوں کو شہروں میں لاکر تماشے شروع ہو جاتے ہیں، اس کے جواب میں وسیم بادامی نے شان رمضان کی براہ راست نشریات کے دوران واضح کیا کہ ان کے سیٹ پر چائلڈ اسٹارز کے ساتھ فیملی ممبرز جیسا سلوک کیا جاتا ہے۔ بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے چینل انتظامیہ کے عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان بچوں کا خیال رکھا جاتا ہے، اس کےعلاوہ ان کی تعلیم اور صحت کو زیادہ ترجیح دی جاتی ہے۔وسیم بادامی نے کہا کہ جو میں اپنے بیٹے کے لیے بہتر سمجھوں گا یا جو بہتر نہیں سمجھوں گا وہی ان چائلڈ اسٹاز یا دوسرے بچے کے لیے بھی بہتر سمجھوں گا کیونکہ میں خود صاحب اولاد ہوں اور مقافات عمل پر یقین رکھتا ہوں۔سیاچن کی پہاڑیوں پر بسے 2 ہزار لوگوں کے ایک چھوٹے سے گاؤں گلگت بلتستان کے غرسے سے تعلق رکھنے والے محمد شیراز پانچ سالہ بلاگر اور یوٹیوبر ہے، وہ یوٹیوب پر اپنی روزمرہ کی سرگرمیاں اپ لوڈ کرتے ہیں۔ایک ماہ کے اندر ان کے چینل نے انہیں پاکستان میں ہی نہیں بلکہ پڑوسی ملک بھارت میں بھی مشہور بنا دیا ہے، وہ پہلی جماعت کے طالب علم ہیں اور بعض اوقات اپنی بہن مسکان کے ساتھ بھی ویڈیوز اپلوڈ کرتے ہیں جسے مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔احمد شاہ نے 2019 کے آغاز میں سوشل میڈیا پر اس وقت شہرت حاصل کی تھی جب انہیں کچھ مزاحیہ ویڈیوز میں ’پیچھے تو دیکھو‘ جیسے ڈائیلاگ بولتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد احمد شاہ کو متعدد مارننگ شوز اور گیم شوز میں بلایا گیا تھا اور انتہائی کم عمری میں انہیں کئی کئی گھنٹے ٹی وی سیٹ پر بٹھایا گیا اور ان کے ساتھ مذاق کیا جاتا رہا، جس پر لوگوں نے مارننگ شوز اور گیم شوز کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا تھا، مارننگ شوز میں شہرت حاصل کرنے کے بعد احمد شاہ نے اپنا یوٹیوب چینل کھولا، جس پر انہوں نے 100 کے قریب ویڈیوز اپ لوڈ کی ہیں اور انہیں لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے۔
